پشاور: گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج نحقی پشاور میں حال ہی میں کلچرل ڈے کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں طالبات نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور کالج کا ماحول ثقافتی رنگوں سے سج گیا۔
تقریب کے دوران کالج کے احاطے میں روایتی کھانوں، مقامی دستکاریوں اور ملک کے مختلف علاقوں کی ثقافتوں کو نمایاں کرنے والے دلکش اسٹالز لگائے گئے، جنہیں شرکا نے خوب سراہا۔ طالبات نے مختلف صوبوں اور خطوں کی روایات اور تہذیبی ورثے کی عکاسی پر مبنی ٹیبلوز اور ثقافتی پرفارمنسز بھی پیش کیں، جن پر حاضرین نے بھرپور داد دی۔
اس ثقافتی میلے کی ایک اہم خصوصیت خیبر پختونخوا اور پشتو ادب سے وابستہ معروف خواتین شعرا اور ادبی شخصیات شارا فرخ، تابندہ فرخ، ثمینہ قادر اور کلثوم زیب کی بطور مہمانان خصوصی شرکت تھی۔
مہمانان خصوصی نے طالبات کی پرفارمنسز، ثقافتی نمائشوں اور تخلیقی اسٹالز کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی تقریبات نوجوان نسل میں وطن، مادری زبان اور اپنے تہذیبی ورثے سے محبت کو فروغ دیتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری ثقافت ہماری اصل شناخت ہے اور اس کے تحفظ کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے۔
مہمانان نے کالج کی پرنسپل عفت شاہین، اسپورٹس لیکچرر مس سعدیہ گل اور فیکلٹی ارکان کی انتھک محنت اور عمدہ انتظامات کو بھی خراج تحسین پیش کیا، جن کی بدولت تقریب کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔
اختتامی تقریب میں پرنسپل عفت شاہین، اسسٹنٹ پروفیسر اردو آسیہ، سعدیہ گل اور دیگر فیکلٹی ارکان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اعزازی تحائف پیش کیے۔ جواباً شاعراؤں نے پرنسپل کو اپنی شائع شدہ شعری اور نثری کتب پیش کیں اور باصلاحیت طالبات کی حوصلہ افزائی بھی کی۔
