اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے اعزاز میں جاز ورلڈ کے سربراہ ظہیر مہدی کی جانب سے عشائیہ دیا گیا، جس میں کاروباری، مالیاتی اور سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
عشائیے کے دوران شرکا نے پاکستان کی سیاسی و معاشی صورتحال، سرمایہ کاری کے فروغ، ڈیجیٹل معیشت، زراعت، نوجوانوں کے روزگار اور ملک کی ترقیاتی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے قومی اتحاد، سیاسی استحکام اور پائیدار معاشی اصلاحات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارلیمان جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے، مؤثر قانون سازی کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور جدت پر مبنی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے زرعی شعبے کو جدید ٹیکنالوجی، آسان مالی سہولتوں اور کاشتکاروں کے لیے زیادہ تعاون کے ذریعے جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ زرعی پیداوار میں بہتری معاشی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکتی ہے، جبکہ دیہی روزگار اور معاش کو مضبوط بنانے کے لیے کسان دوست پالیسیوں کی ضرورت ہے۔
شرکا نے چیئرمین سینیٹ گیلانی کی قیادت اور جمہوری اقدار سے وابستگی کو سراہا اور پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
عشائیے میں رکن قومی اسمبلی اسد عالم نیازی، چیئرمین حبیب گروپ محمد علی حبیب، کلسٹر سی ای او حبیب بینک اے جی زیورخ محسن نتھانی سمیت اہم کاروباری رہنماؤں، سرمایہ کاروں اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
