علماء و مشائخ کا قومی امن کے لیے حکومتی اقدامات کی حمایت کا اعلان

newsdesk
4 Min Read
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت علماء و مشائخ اجلاس میں قومی امن اور سلامتی کے لیے حمایت کا اعلان کیا گیا۔

اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کی زیر صدارت علماء و مشائخ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں امن، مذہبی ہم آہنگی، سماجی استحکام اور قومی سلامتی کے لیے ریاست کے مثبت اقدامات کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب میں سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان کو معرکہ حق کے بعد غیر معمولی عزت حاصل ہوئی۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی قیام امن کے لیے کوششوں کو دنیا بھر میں سراہا گیا، جبکہ بھارت کے منفی پروپیگنڈے کو شکست ہوئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ افواج پاکستان وطن عزیز کے دفاع کے لیے قربانیاں پیش کر رہی ہیں اور آج علماء کرام انہی قربانیوں کے اعتراف کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے تحفظ میں علماء کرام ہمیشہ نمایاں کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

اجلاس میں شریک علماء و مشائخ نے حکومت پاکستان کے ہر مثبت اقدام میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ شرکاء نے آئین کی بالادستی اور ریاستی اداروں کے استحکام کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ انہوں نے امن، استحکام اور قومی وحدت کے لیے افواج پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعلان کیا۔

علماء و مشائخ نے دہشت گردی، انتہاپسندی اور تخریبی سرگرمیوں کے خلاف حکومت اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ اجلاس میں پاکستان میں امن و استحکام کے لیے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ پوری پاکستانی قوم شہداء اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کی مقروض ہے۔ اعلامیے کے مطابق دہشت گردی، انتہاپسندی، فرقہ واریت اور تشدد کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں، کیونکہ اسلام امن، اعتدال، رواداری اور انسانی جان کے احترام کا دین ہے۔ ریاست، معاشرے اور عوام کے امن کو نقصان پہنچانے والا ہر عمل قابل مذمت قرار دیا گیا۔

علماء و مشائخ نے تمام مکاتب فکر کے علماء سے اپیل کی کہ قومی یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ خطبات، دروس اور دینی اجتماعات کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیے کو اجاگر کیا جائے گا۔

شرکاء نے نوجوان نسل کو شدت پسندانہ نظریات، نفرت انگیز مواد اور گمراہ کن پروپیگنڈے سے محفوظ رکھنے کے لیے مشترکہ علمی، دینی اور سماجی کوششوں کو زیادہ مؤثر بنانے پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں ڈاکٹر سجاد قمر، قاری محبوب الرحمٰن، مولانا ذوالفقار، مولانا عبدالقادر سکندری، مولانا ایوب انصاری، مولانا اقبال عباسی، مولانا ڈاکٹر منیر احمد، مولانا ڈاکٹر محمد سلیم سعیدی، مولانا سید جہانگیر شاہ سعیدی، مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن، مولانا ابو بکر صدیق، مولانا ڈاکٹر حفیظ الرحمن، علامہ سجاد نقوی، علامہ اختر عباس، مولانا وقاص مجید، مولانا مجیب الرحمٰن، مولانا انیس الرحمن، قاری محمد صدیق اور مولانا حسن فاروق نے شرکت کی۔

اس موقع پر قائم مقام سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر مرزا علی محسود، ڈائریکٹر مصباح الرحمن، ڈپٹی ڈائریکٹر قرآن ڈاکٹر شاہد الرحمن، محمد خلیق، ڈاکٹر محبوب عثمان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس کے اختتام پر علماء و مشائخ نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور وطن عزیز کو ہر قسم کے داخلی و خارجی خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے دعا کی۔

Share This Article