اسلام آباد: ایچ بی ایس میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج، اکیڈمی فار کیمبرج پروفیشنل ڈیویلپمنٹ پاکستان اور ویژن ایریز پاکستان کے اشتراک سے ینگ ڈاکٹرز لیڈرشپ سمٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں نوجوان ڈاکٹروں کی قائدانہ صلاحیتوں، پیشہ ورانہ استعداد اور شعبہ صحت میں مثبت کردار کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔
سمٹ کا مقصد نوجوان طبی ماہرین کو قیادت کے جدید تقاضوں سے روشناس کرانا، ان کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں بہتری کی ضرورت کو اجاگر کرنا اور صحت کے نظام میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ان کے کردار کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔
تقریب میں طبی شعبے سے وابستہ اہم شخصیات، ماہرین صحت اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ دیگر مہمانوں میں چیئرمین ایچ بی ایس راجہ ریاض شہباز جنجوعہ، ڈاکٹر حیدر ریاض جنجوعہ اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات شامل تھیں۔
اس موقع پر نوجوان ڈاکٹروں کی پیشہ ورانہ ترقی، مؤثر قیادت کے اصولوں اور صحت کے شعبے میں نوجوان طبی ماہرین کی ذمہ داریوں پر گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے کہا کہ جدید طبی تعلیم کے ساتھ فیصلہ سازی، ٹیم ورک، ابلاغی صلاحیتوں، پیشہ ورانہ ذمہ داری اور مریضوں کی بہتر نگہداشت کے بارے میں شعور پیدا کرنا بھی ناگزیر ہے۔
مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان ڈاکٹروں کی تربیت اور ان میں قائدانہ صلاحیتوں کا فروغ صحت کے شعبے کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور متعلقہ تنظیموں کی جانب سے نوجوان طبی ماہرین کی حوصلہ افزائی اور ان کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی کوششیں قابل اہمیت ہیں۔
سمٹ کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے افراد میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے گئے۔ منتظمین کے مطابق اس اقدام کا مقصد خدمات اور صلاحیتوں کا اعتراف کرنا اور نوجوان طبی ماہرین کو مزید محنت، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ترغیب دینا تھا۔
شرکاء نے ایسی سرگرمیوں کو نوجوان ڈاکٹروں کی حوصلہ افزائی، پیشہ ورانہ اعتماد میں اضافے اور صلاحیتوں کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔ تقریب میں اس بات کو بھی اجاگر کیا گیا کہ نوجوان ڈاکٹر کسی بھی صحت کے نظام کا بنیادی حصہ ہیں اور ان کی پیشہ ورانہ تربیت، قائدانہ سوچ اور اخلاقی ذمہ داریوں پر توجہ دے کر طبی خدمات کے معیار میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔
مقررین کے مطابق اس نوعیت کے اجتماعات نوجوان ڈاکٹروں کو تجربات کے تبادلے، نئی مہارتیں سیکھنے اور صحت کے شعبے میں اپنی ذمہ داریوں کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ سمٹ کے انعقاد کو نوجوان ڈاکٹروں کی صلاحیتوں کو سامنے لانے اور طب کے شعبے میں مثبت قیادت کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا۔
