راولپنڈی: پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ اینڈ نیوٹریشنل سائنسز کے زیر اہتمام عالمی یومِ خوراک 2026 کے سلسلے میں خصوصی تقاریب منعقد کی گئیں۔ اس سال کا موضوع “Innovate Today, Nourish Tomorrow” رکھا گیا، جس کے تحت صحت بخش غذا، غذائی تحفظ اور پائیدار غذائی نظام کے بارے میں آگاہی کو فروغ دیا گیا۔
تقریب کے دوران فوڈ فیسٹ، پوسٹر مقابلہ، سیمینار اور آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ ان سرگرمیوں میں غذائیت سے بھرپور خوراک کی اہمیت، خوراک سے متعلق مسائل کے حل کے لیے جدید سوچ اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کو نمایاں کیا گیا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے فوڈ اسٹالز اور پوسٹر پریزنٹیشن کا دورہ کیا جبکہ سیمینار اور آگاہی واک میں بھی شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے کہا کہ غذائی تحفظ کو یقینی بنانا اور صحت مند غذائیت کو فروغ دینا ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کو غذائی مسائل کے پائیدار حل کے لیے تحقیق، جدت اور عوامی آگاہی کے فروغ میں قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ذمہ دارانہ غذائی انتخاب کی حوصلہ افزائی، غذائیت سے متعلق شعور میں اضافہ اور جدید طریقوں کا فروغ اس لیے ضروری ہے کہ ہر فرد کو محفوظ، غذائیت بخش اور پائیدار خوراک میسر آ سکے۔
