شاہ اللہ دتہ بدھا غاروں کی بحالی کے منصوبے کا افتتاح

newsdesk
6 Min Read
حمزہ شہباز شریف نے اسلام آباد میں شاہ اللہ دتہ بدھا غاروں کے تحفظ و بحالی منصوبے کا افتتاح کیا۔

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے بدھ کے روز وفاقی دارالحکومت میں شاہ اللہ دتہ بدھا غاروں کے تحفظ و بحالی کے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے مطابق یہ منصوبہ پاکستان کے تاریخی بدھ مت ورثے اور مشترکہ ثقافتی تاریخ کے تحفظ اور فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

افتتاح کے بعد حمزہ شہباز شریف نے تاریخی غاروں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اسد رحمان گیلانی نے انہیں منصوبے کی تکمیل، اہم خدوخال اور مجموعی لاگت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں غاروں کی تاریخی اور مذہبی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا، جنہیں اس خطے میں بدھ مت کے پیروکاروں کی موجودگی اور مذہبی عبادات کی قدیم تاریخ کا اہم ثبوت قرار دیا گیا۔ تقریب میں شاہ اللہ دتہ غاروں کے تاریخی پس منظر اور آثارِ قدیمہ کی اہمیت سے متعلق ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے تاریخی مقام کے تحفظ اور بحالی کے لیے وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سرسبز درختوں اور خوبصورت پہاڑوں کے درمیان واقع اس تاریخی مقام پر موجودگی ان کے لیے باعثِ مسرت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام دیگر مذاہب کے احترام، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی عبادت گاہوں کی حفاظت کا درس دیتا ہے۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ایسے اقدامات پاکستان کے مثبت اور روشن تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی ثقافتی ورثے کو دنیا کے سامنے متعارف کرانے میں مدد دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ اللہ دتہ بدھا غاروں کی بحالی کے بعد یہ مقام ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے ایک پرکشش تاریخی و ثقافتی مرکز بن سکتا ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے غاروں تک بہتر اور براہِ راست سڑک کی تعمیر کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی سے درخواست کی کہ وہ متعلقہ حکام کے ساتھ یہ معاملہ اٹھائیں اور بہتر رابطہ سڑک کی تعمیر کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بہتر سفری سہولیات سے سیاحوں کی آمد بڑھے گی، مقامی آبادی کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور علاقے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ایسے تفریحی مقامات دستیاب ہونے چاہئیں جہاں خاندان پاکستان کی تاریخی اور قدرتی خوبصورتی سے لطف اندوز ہو سکیں۔

حمزہ شہباز شریف نے سفارت کاروں، بالخصوص بدھ مت کے پیروکار ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ اس تاریخی مقام کے دورے کی دعوت دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مقام باہمی احترام، مذہبی ہم آہنگی اور مشترکہ ثقافتی ورثے کی علامت بنے گا۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے دعا بھی کی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے منصوبے کے افتتاح پر حمزہ شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کے تاریخی بدھ مت ورثے کے تحفظ اور بحالی کے لیے پرعزم ہے۔ وفاقی وزیر نے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) اور ذرائع ابلاغ پر زور دیا کہ وہ شاہ اللہ دتہ بدھا غاروں کی تاریخی اور مذہبی اہمیت کو اجاگر کرنے اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں، خصوصاً بدھ مت کے پیروکار ممالک سے آنے والے زائرین کو اس مقام کی جانب راغب کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اورنگزیب خان کھچی نے سفارت کاروں کو یقین دلایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان بھر میں بدھ مت کے تمام تاریخی مقامات کے تحفظ اور بحالی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے منصوبے ثقافتی سفارت کاری کے فروغ، بین المذاہب ہم آہنگی کے استحکام اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

تقریب میں وفاقی وزیر رانا مبشر، رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان، سابق ڈپٹی میئر اسلام آباد سید ذیشان شاہ، ایس اے پی ایم عون چوہدری، ایس اے پی ایم طلحہ برکی، اعلیٰ سرکاری حکام، بدھ مت کے پیروکار ممالک کے سفارت کاروں اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر سابق ڈپٹی میئر اسلام آباد سید ذیشان شاہ نے حمزہ شہباز شریف کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

Share This Article