امرپورہ میں صفائی کی ناقص حالت پر پی سی آر ایم کی تشویش، ڈینگی پھیلنے کا خدشہ

newsdesk
3 Min Read
یونین کونسل 32 امرپورہ میں صفائی کی ناقص صورتحال پر پی سی آر ایم نے تشویش کا اظہار کیا۔

راولپنڈی: پاکستان سٹیزن رائٹس موومنٹ (PCRM) کے چیئرمین ظہیر احمد اعوان نے یونین کونسل 32 امرپورہ میں صفائی کی انتہائی خراب صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اندرونِ شہر کھلے پلاٹوں میں پڑا کوڑا کرکٹ تعفن، بدبو، مکھیوں اور مچھروں کی افزائش کا سبب بن رہا ہے۔

ظہیر احمد اعوان کے مطابق علاقے کی چھوٹی نالیاں کوڑے کرکٹ سے بھری ہوئی ہیں، پانی نالیوں میں کھڑا رہتا ہے اور یہی صورتحال ڈینگی مچھروں اور مکھیوں کے پھیلاؤ کا باعث بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کی کارکردگی اس صورتحال کے بعد سوالیہ نشان بن چکی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ متعلقہ افسران فیلڈ میں دکھائی نہیں دیتے، جبکہ بڑی بڑی لگژری 27 سی سی گاڑیوں میں مفت پٹرول ڈلوا کر سیر سپاٹے کیے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوڑا اٹھانے کے بجائے اسے آگ لگا کر جلایا جاتا ہے، جو مزید مسائل پیدا کرتا ہے۔

پی سی آر ایم کے چیئرمین نے کہا کہ شہری اپنی مدد آپ کے تحت گندگی والی جگہوں کی نشاندہی کرتے رہے ہیں اور باقاعدہ گوگل پن لوکیشن کے ساتھ شکایات بھی درج کرائی گئیں، تاہم اس کے باوجود صفائی نہ ہونا متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوال اٹھاتا ہے۔

ظہیر احمد اعوان نے مطالبہ کیا کہ ستھرا پنجاب کے آپریشنل افسران کی تعلیمی قابلیت، ماحولیاتی علوم میں مہارت اور پیشہ ورانہ تجربے کی جانچ کی جائے، اور سیاسی سفارش کے بجائے میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔

پی سی آر ایم نے مزید مطالبہ کیا کہ کھلے پلاٹوں سے فوری طور پر کوڑا اٹھایا جائے، خراب کوڑے دان تبدیل کیے جائیں، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور صفائی مشینری کی مرمت کرائی جائے، اور غفلت کے ذمہ دار افسران کا احتساب کیا جائے۔

ظہیر احمد اعوان نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت صفائی مہم میں حصہ لیں، کوڑا کوڑے دان میں ڈالیں اور اپنے علاقوں میں گندگی کی نشاندہی کریں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے عمل میں شہریوں کا تعاون ضروری ہے، تاہم سرکاری اداروں کو اپنی بنیادی ذمہ داری سے غفلت برتنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

Share This Article