راولپنڈی: کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) سلمان غنی نے چیف پلانر آر ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹیز پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیمز رولز 2026 میں حال ہی میں نوٹیفائی کی گئی ترامیم پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ یہ عمل درآمد حکومتِ پنجاب کے محکمہ قانون و پارلیمانی امور کی جانب سے نوٹیفائی کردہ منظور شدہ ریگولیٹری فریم ورک کے مطابق کیا جائے گا۔
آر ڈی اے کے مطابق ان ترامیم کا مقصد نجی ہاؤسنگ اسکیموں کے منظوری کے عمل کو منظم بنانا، شفافیت میں اضافہ کرنا اور آر ڈی اے کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں ریگولیشن کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
نوٹیفکیشن کے بعد تمام پروموٹرز، ڈویلپرز اور درخواست گزاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ نجی ہاؤسنگ اسکیموں کی منظوری، توسیع، تجدید یا کسی بھی دیگر اجازت کے لیے اپنی درخواستیں صرف ہاؤسنگ اسکیم مینجمنٹ سسٹم (ایچ ایس ایم ایس) کے ذریعے جمع کرائیں۔
آن لائن درخواستوں کا یہ طریقہ کار درخواست گزاروں کی سہولت کے لیے متعارف کرایا گیا ہے تاکہ کیسز کی کارروائی مؤثر انداز میں، زیادہ شفافیت کے ساتھ اور بروقت مکمل کی جا سکے۔ درخواست گزاروں کو کہا گیا ہے کہ وہ درخواست جمع کراتے وقت مکمل اور درست دستاویزات اپ لوڈ کریں تاکہ کارروائی میں غیر ضروری تاخیر سے بچا جا سکے۔
کمشنر راولپنڈی نے زور دیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز نوٹیفائی کردہ ترامیم کی مکمل پابندی کریں اور نجی ہاؤسنگ اسکیموں سے متعلق آئندہ تمام درخواستوں کے لیے ایچ ایس ایم ایس پورٹل استعمال کریں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو بھی ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے اور ترمیم شدہ قواعد کے مطابق آن لائن درخواستوں کی فوری کارروائی یقینی بنائی جائے۔
راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ وہ ڈیجیٹل گورننس، شفافیت، احتساب اور کاروبار میں آسانی کے فروغ کے لیے جدید اور ٹیکنالوجی پر مبنی خدمات کی فراہمی کے نظام کو آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔ اتھارٹی نے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا ہے کہ وہ آن لائن نظام اختیار کریں تاکہ ریگولیٹری عمل ہموار، شفاف اور مؤثر انداز میں مکمل ہو سکے۔
