طلبہ کے مستقبل، صحت اور والدین کے حقوق کے تحفظ کیلئے ICT-PEIRA کے بڑے فیصلے

newsdesk
3 Min Read
پرائیویٹ اسکولوں کے خلاف غیر رجسٹرڈ اداروں کی سیلنگ، ماہانہ فیس لازمی، ہلکے اسکول بیگز کی پابندی اور شکایات کیلئے سہولت سینٹر قائم کیا گیا

طلبہ کے مستقبل، صحت اور والدین کے حقوق کے تحفظ کیلئے ICT-PEIRA کے بڑے فیصلے
غیر رجسٹرڈ اسکول سیل ہوں گے، پیشگی فیس وصولی ممنوع، ہلکے اسکول بیگز پالیسی نافذ

اسلام آباد، 13 مئی 2026: پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (ICT-PEIRA) نے چیئرمین ڈاکٹر غلام علی ملاح کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں طلبہ کے مستقبل، صحت اور والدین کے حقوق کے تحفظ کیلئے اہم اور سخت فیصلے کیے ہیں۔

اتھارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ اسلام آباد میں بغیر رجسٹریشن غیر قانونی طور پر چلنے والے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ متعدد نوٹسز، قانونی یاددہانیوں اور عوامی انتباہات کے باوجود قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف جرمانے، چھاپے اور ادارے سیل کرنے سمیت سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ اس مقصد کیلئے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے خصوصی انفورسمنٹ کارروائیاں کی جائیں گی۔

اتھارٹی نے یہ بھی واضح ہدایت جاری کی ہے کہ کوئی بھی نجی تعلیمی ادارہ ایک ماہ سے زیادہ پیشگی فیس وصول نہیں کر سکے گا اور فیس صرف ماہانہ بنیاد پر وصول کی جائے گی۔ مزید یہ کہ کسی بھی ادارے کو منظور شدہ 12 ماہ کے تعلیمی سیشن سے زائد فیس وصول کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی، جرمانے اور فرانزک آڈٹ کیا جا سکے گا۔

طلبہ کی صحت کے تحفظ کیلئے ICT-PEIRA نے ہلکے اسکول بیگز پالیسی نافذ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ بچوں کو بھاری بستوں کے باعث کمر درد، جسمانی دباؤ، پوسچر کے مسائل اور دیگر صحت کے خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ تمام نجی اسکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اسکول بیگ کا وزن بچے کے جسمانی وزن کے 10 فیصد سے زیادہ نہ ہو۔ اس مقصد کیلئے غیر ضروری کتابوں میں کمی، بہتر ٹائم ٹیبل اور جہاں ممکن ہو لاکرز کی سہولت فراہم کی جائے۔

والدین اور شہریوں کی سہولت کیلئے ایک خصوصی شکایات مرکز بھی قائم کیا گیا ہے جہاں غیر قانونی فیس وصولی، زائد چارجنگ اور دیگر خلاف ورزیوں کی شکایات درج کرائی جا سکیں گی۔

اس موقع پر چیئرمین ICT-PEIRA ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا:
“طلبہ کی صحت، معیاری تعلیم، والدین کے حقوق اور قانون کی بالادستی ہماری اولین ترجیح ہے۔ کسی بھی ادارے کو طلبہ اور والدین کے استحصال یا قانون سے ہٹ کر کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ قانون پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔”

ICT-PEIRA نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد میں معیاری تعلیم، شفافیت، مؤثر ریگولیشن اور طلبہ کے بہترین مفاد کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے