عاشورا پر زائرین کی سہولت اور امن کے لیے ادارے متحرک

newsdesk
2 Min Read
باریسٹرجانیال چوہدری کے مطابق عاشورا پر زائرین کی سہولت، صفائی، ٹریفک اور امن کے لیے تمام ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر عاشورا انتظامات کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں تاکہ عزاداروں کو سہولت فراہم کی جا سکے اور امن و امان برقرار رہے۔انہوں نے راولپنڈی میں مختلف سبیلوں کا دورہ کیا، جہاں ان کے ہمراہ رکن پنجاب اسمبلی ضیاء اللہ شاہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر انہوں نے جگہ جگہ کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور عملے کو ہدایت دی کہ عزاداروں کی خدمت کو دینی و سماجی ذمہ داری سمجھتے ہوئے بہتر انداز میں ادا کیا جائے۔بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے دوران شہری سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ صفائی، طبی امداد، ٹریفک کی روانی، ایمرجنسی خدمات اور دیگر شہری سہولتوں کے لیے مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی مرحلے پر رکاوٹ پیدا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ عاشورا انتظامات کے سلسلے میں امن، بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دینا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ان کے مطابق حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور کربلا کے شہداء کی قربانیاں حق، عدل، صبر اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا پیغام دیتی ہیں، جو امت مسلمہ کے لیے ہمیشہ رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں، ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں اور امن و برداشت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے