راولپنڈی میں سی پی او سید خالد محمود ہمدانی کی ہدایت پر ضلع بھر میں وسیع پیمانے پر سرچ آپریشنز اور خصوصی سنیپ چیکنگ جاری ہے۔ سرچ آپریشنز میں پولیس کے ساتھ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے اور سیکورٹی انتظامات کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔ایس ایس پی آپریشنز اور سینئر پولیس افسران سرچ آپریشنز کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں تاکہ ہر کارروائی مؤثر اور ضابطے کے مطابق ہو۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی پکٹس قائم کیے گئے ہیں اور جوائنٹ چیک پوسٹس پر مشترکہ چیکنگ جاری ہے تاکہ نقل و حرکت پر مؤثر کنٹرول برقرار رکھا جا سکے۔تلاشی اور سنیپ چیکنگ کے دوران پیرودھائی، سٹی، گنجمنڈی، وارثخان، نیو ٹاؤن، صادق آباد، چکری، کلرسیداں، کہوٹہ، گوجرخان، دھمیال، مندرہ، روات، واہ کینٹ، مورگاہ، ریس کورس، آراے بازار، نصیر آباد، ائیرپورٹ، ٹیکسلا، ویسٹریج، صدر واہ، سول لائنز، چکلالہ اور کینٹ سمیت متعدد علاقوں میں کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ بس اڈوں، گھروں، ہاسٹلوں، ہوٹلوں، سرائے، مارکیٹوں، دکانوں اور دیگر عوامی مقامات پر خصوصی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔سرچ آپریشنز کے دوران مختلف مقدمات میں مطلوب دو اشتہاری اور دو افغان شہری گرفتار ہوئے ہیں، جن کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ تلاشی کے عمل میں شکوک و شبہات کی بنیاد پر مشکوک افراد اور سامان کی جانچ پڑتال کو ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کو بے دخل کیا جا سکے۔ان حفاظتی اقدامات کا مقصد مجموعی طور پر امن و امان برقرار رکھنا اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر راولپنڈی پولیس کے تین ہزار سات سو سے زائد اہلکار سکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹیاں انجام دے رہے ہیں اور تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے گئے ہیں۔ راولپنڈی پولیس عید کے دوران امن و امان یقینی بنانے کے لئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے، ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق سرچ آپریشنز اور سنیپ چیکنگ جاری رہے گی تاکہ جرائم کے خلاف مؤثر کارروائی کی جا سکے۔
