لاہور/اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق نان ٹیچنگ اسٹاف ایسوسی ایشن کے چیف آرگنائزر حسن میر نے ملازمین کے طویل عرصے سے حل طلب مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسوسی ایشن کے انتخابات بلا تاخیر منعقد کرائے جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ نان ٹیچنگ انتخابات دو ہزار اٹھارہ سے تعطل کا شکار ہیں جبکہ ایسوسی ایشن کے قواعد و آئین کے مطابق ہر دو سال بعد نئے انتخابات ضروری ہیں تاکہ جمہوری طریقے سے نمائندے منتخب ہوں اور ملازمین کی حقیقی قیادت سامنے آئے۔حسن میر نے انتظامیہ اور ملازمین کے درمیان بڑھتے ہوئے فاصلوں پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ انتخابات نہ ہونے کے باعث حقیقی قیادت سامنے نہیں آ پا رہی، جس کے نتیجے میں ملازمین کے مسائل بروقت اور مؤثر انداز میں بیان نہیں ہو پاتے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایک منتخب باڈی ہی انتظامیہ اور ملازمین کے درمیان مؤثر رابطہ قائم کر سکتی ہے۔ان کے بقول باقاعدہ انتخابی عمل انتظامیہ اور ملازمین کے درمیان پائے جانے والے ابہامات کو دور کرے گا، باہمی اعتماد کی فضا کو فروغ دے گا اور ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے مستقل اور ذمہ دار نمائندگی فراہم کرے گا۔بیان کے آخر میں حسن میر نے اعلیٰ حکام سے پرزور اپیل کی کہ نان ٹیچنگ انتخابات کو بلا تاخیر جلد از جلد کروایا جائے تاکہ جو بھی مخلص قیادت سامنے آئے وہ ملازمین کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں اور حق تلفیوں کو ختم کرنے اور ان کے حقوق کے ہر فورم پر تحفظ کے لیے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لا سکے۔
