راولپنڈی بورڈ کے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2026 میں افتاء جاوید مجموعی طور پر اول

newsdesk
2 Min Read
تعلیمی بورڈ راولپنڈی نے انٹرمیڈیٹ پہلے سالانہ امتحان 2026 کے نمایاں طلبہ و طالبات کے ناموں کا اعلان کیا۔

راولپنڈی (پریس ریلیز) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، راولپنڈی نے انٹرمیڈیٹ پہلے سالانہ امتحان 2026 کے نمایاں پوزیشن ہولڈرز کے ناموں کا اعلان کر دیا۔

پوزیشن ہولڈرز کا اعلان چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان اور سیکرٹری بورڈ پروفیسر امجد اقبال خٹک کے ہمراہ کیا۔

اعلان کردہ نتائج کے مطابق پنجاب کالج فار ویمن، سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی کی طالبہ افتاء جاوید نے 1156 نمبر حاصل کر کے مجموعی طور پر پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ دوسری پوزیشن بھی پنجاب کالج فار ویمن، سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی کی طالبہ نور فاطمہ ساجد نے 1151 نمبروں کے ساتھ حاصل کی۔

تیسری پوزیشن مشترکہ طور پر پنجاب کالج فار ویمن، تلہ گنگ کی طالبہ نبیحہ ایمان اور پنجاب کالج، سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی کے طالب علم منیب شاہ نے حاصل کی، دونوں نے 1142 نمبر حاصل کیے۔

اس موقع پر چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے تمام پوزیشن ہولڈرز، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات کی یہ شاندار کامیابی مسلسل محنت، لگن اور اساتذہ کی رہنمائی کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات تعلیمی میدان میں دیگر طلبہ کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

بورڈ کے مطابق پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں 23 ستمبر 2026 بروز بدھ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے احاطے میں ایک پروقار تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کو اعزازات اور انعامات دیے جائیں گے۔

Share This Article