چکوال میں مارکنگ مراکز اور پریکٹیکل لیبارٹریز کا اچانک دورہ، شفاف جانچ پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت

newsdesk
3 Min Read
چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے چکوال میں مارکنگ مراکز اور پریکٹیکل لیبارٹریز کا اچانک دورہ کیا۔

راولپنڈی (پریس ریلیز) چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے کنٹرولر امتحانات پروفیسر تنویر اصغر اعوان کے ہمراہ ضلع چکوال کے مختلف مارکنگ سینٹرز اور پریکٹیکل امتحانی لیبارٹریز کا اچانک معائنہ کیا۔

دورے کا مقصد میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کی جانچ، پریکٹیکل امتحانات، امتحانی نظم و ضبط، شفافیت اور بورڈ کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔

چیئرمین تعلیمی بورڈ نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر 1 چکوال اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر 1 چکوال میں قائم میٹرک مارکنگ سینٹرز کا دورہ کیا، جبکہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار گرلز چکوال میں قائم انٹرمیڈیٹ مارکنگ سینٹر کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے مارکنگ کے معیار، جانچ کے طریقہ کار، ریکارڈ کی پڑتال اور امتحانی انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔

پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے بیالوجی، کمپیوٹر سائنس اور جغرافیہ کی پریکٹیکل لیبارٹریز میں جاری امتحانی عمل کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے لیبارٹریز میں موجود سہولیات، امتحانی ڈسپلن اور بورڈ ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر چیئرمین نے ہیڈ ایگزامینرز، سب ایگزامینرز اور پریکٹیکل ایگزامینرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی امتحانی ذمہ داریاں مکمل دیانتداری، غیر جانبداری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ادا کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بورڈ کے ایس او پیز پر عملدرآمد میں کسی قسم کی نرمی یا سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہوگا۔

چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی نے کہا کہ ہر امیدوار کو صرف اس کی علمی استعداد، عملی کارکردگی اور میرٹ کے مطابق نمبر دیے جائیں۔ ان کے مطابق امتحانی نظام کی ساکھ اور عوامی اعتماد کا دارومدار شفاف، منصفانہ اور معیاری جانچ پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن اور حکومت پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے مطابق غیر معیاری مارکنگ، غفلت، جانبداری یا کسی بھی ضابطہ خلافی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایسی کسی بھی شکایت یا خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تعلیمی بورڈ راولپنڈی امتحانات، مارکنگ اور پریکٹیکل جانچ کے تمام مراحل میں شفافیت، معیار، میرٹ اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنائے گا تاکہ طلبہ کو ان کی حقیقی صلاحیت کے مطابق نتائج فراہم کیے جا سکیں اور امتحانی نظام پر عوامی اعتماد مزید مضبوط ہو۔

ترجمان تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے مطابق دورے کے دوران میٹرک و انٹرمیڈیٹ مارکنگ مراکز اور پریکٹیکل امتحانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ امتحانی عملے کو بورڈ ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایات جاری کی گئیں۔

Share This Article