پرائیویٹ اسکولز نیٹ ورک (پی ایس این) کے بانی صدر ڈاکٹر محمد افضل بابر کی پہلی برسی کے موقع پر ایک باوقار یادگاری تقریب منعقد کی گئی، جس میں ملک بھر سے ماہرینِ تعلیم، اسکول مالکان، تعلیمی اداروں کے سربراہان اور شعبہ تعلیم سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں مقررین نے ڈاکٹر محمد افضل بابر کی قومی تعلیمی خدمات کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 35 سالہ جدوجہد کے دوران طلبہ، اساتذہ اور نجی تعلیمی اداروں کے حقوق کے لیے مؤثر اور مسلسل آواز بلند کی۔ مقررین کے مطابق ڈاکٹر بابر کی کاوشیں کراچی سے خیبر اور گلگت سے کوئٹہ تک نجی تعلیمی برادری کے لیے حوصلے اور رہنمائی کا ذریعہ رہیں۔
شرکاء نے کہا کہ ڈاکٹر محمد افضل بابر کی جدوجہد صرف مطالبات تک محدود نہیں تھی بلکہ انہوں نے نجی تعلیمی اداروں کو ایک دوسرے کے قریب لانے، باہمی احترام کو فروغ دینے اور چھوٹے و انفرادی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی کردار ادا کیا۔ انہوں نے نجی تعلیمی شعبے کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کیا اور تعلیمی اداروں کی بہتری کو اپنی جدوجہد کا اہم حصہ بنایا۔
مقررین نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ ڈاکٹر بابر پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے، مؤثر تربیت، فیکلٹی ڈویلپمنٹ اور تعلیمی معیار کی بلندی کے لیے مسلسل کوشاں رہے۔ ان کا وژن یہ تھا کہ انفرادی تعلیمی ادارے مضبوط انتظامی اور تدریسی نظام کے ذریعے بڑے تعلیمی نیٹ ورکس اور بدلتی ہوئی مارکیٹ قوتوں کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو سکیں۔
تقریب سے چوہدری محمد ارشد، ڈاکٹر ایچ یو خان، عقیل رزاق خیبر پختونخوا، سلیم خان پی ای این ایبٹ آباد، ڈاکٹر شفقت جنجوعہ، نصیر احمد جنجوعہ پاک لینڈ اسکول، افتخار جنجوعہ دی ایجوکیٹرز، ناصر صاحب سابق رکن بورڈ آف گورنرز، حافظ بشارت رکن بورڈ آف گورنرز، صغیر احمد پی ایم ایجوکیشنل اسمبلی، اشتیاق ستی، ابراہیم ستی اور راجہ شہویز نے خطاب کیا۔
تمام مقررین نے ڈاکٹر محمد افضل بابر کی خدمات، وژن اور نجی تعلیمی برادری کے لیے ان کی بے لوث جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مشن کو آگے بڑھانا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
تقریب کے اختتام پر جناب مقبول حسین ڈار نے صدارتی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ اسکولز نیٹ ورک ڈاکٹر محمد افضل بابر کے وژن اور مشن کو جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کے مطابق نیٹ ورک اسکولوں کی ترقی، قیادت کی استعداد سازی، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے اپنی کوششوں کو مزید مؤثر بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص انفرادی تعلیمی اداروں کو درپیش نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عملی معاونت فراہم کی جائے گی۔
تقریب کا مرکزی پیغام یہ رہا کہ عظیم شخصیات کی جدائی ان کے مقصد کو ختم نہیں کرتی۔ ڈاکٹر محمد افضل بابر کی جدوجہد، بصیرت اور خدمات آج بھی نجی تعلیمی برادری کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں، اور ان کا مشن اجتماعی ذمہ داری کے طور پر آگے بڑھایا جائے گا۔
