وائس چانسلر بارانی زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان کی زیر صدارت جامعہ کے سابق طلبہ (Alumni) سے روابط کے فروغ اور عالمی نیٹ ورک کے قیام کے حوالے سے اہم اجلاس

newsdesk
3 Min Read
پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کی صدارت میں پی ایم اے ایس راولپنڈی میں سابقہ طلبہ کے روابط مضبوط کرنے، وظائف فنڈ اور بیرونِ ملک شاخوں پر زور

وائس چانسلر بارانی زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان کی زیر صدارت جامعہ کے سابق طلبہ (Alumni) سے روابط کے فروغ اور عالمی نیٹ ورک کے قیام کے حوالے سے اہم اجلاس

پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان کی زیر صدارت جامعہ کے سابق طلبہ (Alumni) سے روابط کے فروغ اور ان کی فعال شمولیت کو یقینی بنانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ایف اے اینڈ یو اے، ڈائریکٹر کیو ای سی اور تمام فیکلٹیز، انسٹی ٹیوٹس، تدریسی شعبہ جات اور متعلقہ انتظامی دفاتر کے نمائندگان نے شرکت کی۔

وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں کہا کہ جامعہ کے سابق طلبہ کسی بھی ادارے کا قیمتی اثاثہ اور بہترین سفیر ہوتے ہیں۔ ان کے ساتھ مضبوط اور مؤثر روابط نہ صرف ادارے کی ساکھ میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ موجودہ طلبہ کے لیے رہنمائی، تربیت اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کرتے ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر فیکلٹی، انسٹی ٹیوٹ اور شعبہ اپنے سابق طلبہ سے روابط کے لیے ایک فوکل پرسن نامزد کرے گا جو اپنے متعلقہ شعبے کے گریجویٹس کا ریکارڈ مرتب کرنے، ان سے مستقل رابطہ رکھنے اور مختلف سرگرمیوں میں ان کی شرکت کو یقینی بنائے گا۔ اس کے علاوہ جامعہ کا مرکزی ڈیجیٹل ایلومنائی ڈیٹا بیس اور پورٹل بھی قائم کیا جائے اور مستحق طلبہ کے لیے ایلومنائی اسکالرشپ فنڈ کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ ہر شعبہ سالانہ بنیادوں پر اپنے سابق طلبہ کے اعزاز میں ایلومنائی ڈنر، ری یونین، سیمینار یا نیٹ ورکنگ ایونٹ کا انعقاد کرے گا تاکہ سابق اور موجودہ طلبہ کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کیا جا سکے اور تجربات و کامیابیوں کا تبادلہ ممکن ہو۔

بیرونِ ملک مقیم سابق طلبہ کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے ہدایت کی کہ ہر شعبہ اپنے اوورسیز ایلومنائی کی نشاندہی کرے اور مختلف ممالک میں ان کے گروپس یا ایلومنائی چیپٹرز قائم کیے جائیں تاکہ جامعہ کے عالمی روابط کو فروغ دیا جا سکے اور بین الاقوامی سطح پر جامعہ کی نمائندگی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

وائس چانسلر نے ڈائریکٹر فنانشل اسسٹنس اور متعلقہ دفاتر کو ہدایت کی کہ سابق طلبہ کے ساتھ رابطوں کو مؤثر بنانے کے لیے جدید ڈیجیٹل ذرائع، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، ای میل نیوز لیٹرز اور جامع ڈیٹا بیس کے قیام پر خصوصی توجہ دی جائے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے