اسلام آباد: پاکستان انفارمیشن کمیشن (پی آئی سی) نے سیکرٹری وزارتِ قومی صحت، ریگولیشنز و کوآرڈینیشن کو ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد میں مبینہ طور پر خستہ حال عمارت میں بحالی مرکز کے قیام سے متعلق شکایات پر کارروائی مکمل کی جائے۔
یہ ہدایت ایک شہری کی اپیل کی سماعت کے دوران جاری کی گئی، جس میں درخواست گزار نے بحالی مرکز کے قیام سے متعلق جمع کرائی گئی شکایات کی تازہ صورتِ حال معلوم کرنے کی استدعا کی تھی۔
سماعت کے دوران وزارتِ قومی صحت کے نمائندے نے کمیشن کو درخواست گزار کی شکایات کی موجودہ حیثیت سے آگاہ کیا۔ وزارت کی جانب سے بتایا گیا کہ معاملہ زیرِ کارروائی ہے اور اسے غور کے لیے مجاز اتھارٹی کے سامنے رکھا جائے گا۔
وزارت نے مزید بتایا کہ سیکرٹری وزارتِ قومی صحت، ریگولیشنز و کوآرڈینیشن ان درخواستوں کا جائزہ لیں گے۔
کمیشن نے قرار دیا کہ شکایت کنندہ کی جانب سے مانگی گئی دونوں شکایات کی حیثیت سماعت کے دوران ظاہر کر دی گئی ہے اور دونوں شکایات اب بھی زیرِ عمل ہیں۔
پاکستان انفارمیشن کمیشن نے مشاہدہ کیا کہ رائٹ آف ایکسیس ٹو انفارمیشن ایکٹ 2017 کے دیباچے کی روشنی میں سرکاری محکموں میں قانونی فرائض کی انجام دہی کے دوران شفافیت اور اچھی حکمرانی ہونی چاہیے۔
کمیشن نے مزید کہا کہ شکایات اور انکوائریوں کے فیصلے کے لیے قانونی مدت مقرر ہے، اس لیے شکایات اور درخواستوں کو نمٹایا جانا چاہیے، خصوصاً جب ان کا تعلق صحت جیسے اہم معاملات سے ہو۔
شکایات کی حیثیت سامنے آنے کے بعد کمیشن نے قرار دیا کہ مزید کارروائی کی ضرورت نہیں رہی، لہٰذا اپیل نمٹا دی گئی۔
