وزیرِ اعظم نیشنل ویمن انڈر 21 ہاکی چیمپئن شپ 2026 کے لیے آفیشلز پینل کا اعلان

newsdesk
3 Min Read
پی ایچ ایف نے ویمن انڈر ہاکی چیمپئن شپ کے لیے عہدیدار مقرر کر دیے۔

وزیرِ اعظم نیشنل ویمن انڈر 21 ہاکی چیمپئن شپ 2026 کے لیے آفیشلز پینل کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے اپنے صدر محی الدین احمد وانی کی ہدایت پر وزیرِ اعظم نیشنل ویمن انڈر 21 ہاکی چیمپئن شپ 2026 کے کامیاب انعقاد کے لیے آفیشلز کے پینل کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔

یہ چیمپئن شپ 2 جولائی سے 8 جولائی 2026 تک ناصر بندہ ہاکی اسٹیڈیم، اسلام آباد میں منعقد ہوگی، جس میں ملک بھر کی صوبائی اور دیگر الحاق شدہ ہاکی ایسوسی ایشنز کی خواتین ٹیمیں حصہ لیں گی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق محمد شفیق بھٹی (لاہور) کو ٹورنامنٹ ڈائریکٹر، راحت خان (لاہور) کو اسسٹنٹ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر، محمد وقاص شیخ (سکھر) کو ایونٹ کوآرڈینیٹر، حبیب الرحمن (لاہور) کو کوآرڈینیٹر اور خاور جاوید (گوجرہ) کو اسسٹنٹ کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح تنزیلہ امیر چیمہ (لاہور) کو آرگنائزنگ سیکریٹری جبکہ چاند پروین (لاہور) کو اسسٹنٹ آرگنائزنگ سیکریٹری کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

میچز کے شفاف اور منظم انعقاد کے لیے پی ایچ ایف نے ٹیکنیکل آفیشلز کا بھی تقرر کیا ہے، جن میں زیب النساء (لاہور)، سونیا خان (واپڈا)، رابعہ قادر (واپڈا)، رفعت مسعود (اسلام آباد)، عبدالمالک (گوجرہ)، ریحانہ جعفر (اسلام آباد)، مہوش ایمان (اسلام آباد)، علینہ شاکر (اسلام آباد)، فضیلہ اشرف (سکھر) اور وقاص احمد (پشاور) شامل ہیں۔

امپائرز پینل کے لیے بنش حیات (لاہور) کو امپائرز منیجر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ فیلڈ امپائرز میں محی الدین (ٹوبہ ٹیک سنگھ)، مظہر وسیم (ننکانہ صاحب)، زاہد حمید (واپڈا)، محمود علی (پی آئی اے)، اسد عباس (آرمی)، وجاہت منیر (اسلام آباد)، ساجد رضا (اسلام آباد)، عظیم احمد (اسلام آباد)، فیضان ڈار (آرمی)، حنا پرویز (لاہور)، وقاص بٹ (راولپنڈی) اور عقیلہ نسیم (لاہور) شامل ہیں۔

پی ایچ ایف کے مطابق تمام شریک ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ چیمپئن شپ سے متعلق کسی بھی قسم کی رابطہ کاری کے لیے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر محمد شفیق بھٹی سے رابطہ کریں۔

چیمپئن شپ کے باقاعدہ آغاز سے قبل یکم جولائی 2026 کو اہم اجلاس بھی منعقد ہوں گے۔ امپائرز اور ٹورنامنٹ آفیشلز کا اجلاس سہ پہر 3 بجے جبکہ ٹیم منیجرز، کپتانوں اور کوچز کا اجلاس 4 بجے ہوگا۔

پی ایچ ایف کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ صرف وہی خواتین کھلاڑی چیمپئن شپ میں شرکت کی اہل ہوں گی جن کی تاریخ پیدائش یکم جنوری 2006 یا اس کے بعد کی ہو۔ تمام کھلاڑیوں کے لیے رپورٹنگ کے وقت اصل پاسپورٹ، سفید پس منظر والی چھ حالیہ تصاویر، ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، ب فارم اور نادرا کا فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC) پیش کرنا لازمی ہوگا۔ مطلوبہ دستاویزات جمع نہ کرانے والی کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے