پاکستان نے او آئی سی خواتین کانفرنس کی سربراہی سنبھال لی

newsdesk
2 Min Read
پاکستان نے او آئی سی خواتین کانفرنس کی سربراہی سنبھال لی

اسلام آباد۔ اسلامی تعاون تنظیم کی دو روزہ ویں وزارتی کانفرنس برائے خواتین پیر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی۔ پاکستان نے آئندہ دو سال کے لیے او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی سربراہی سنبھال لی۔

کانفرنس سے چیئرمین سینیٹ اور سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وفاقی وزیر قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ، اسلامی تعاون تنظیم کے عہدیداروں اور دیگر غیر ملکی مندوبین نے خطاب کیا۔

کانفرنس کے اختتام پر او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل طارق علی بخیت، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے آئندہ دو سال کے لیے او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی سربراہی سنبھال لی ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کانفرنس کی سربراہی باضابطہ طور پر پاکستان کے حوالے کی گئی ہے جو اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے پاکستان پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے او آئی سی جنرل سیکرٹریٹ، رکن ممالک، شراکت دار ممالک، وزراء، وفود کے سربراہان اور دیگر نمائندگان کا شکریہ ادا کیا جن کی فعال شرکت سے دو روزہ کانفرنس کامیاب ہوئی۔

وفاقی وزیر کے مطابق اختتامی اجلاس میں کانفرنس کی مشاورت کے نتائج کی منظوری دی گئی، جس میں رکن ممالک نے مسلم دنیا میں خواتین کے معاشی، سیاسی اور سماجی اختیارات میں اضافے کے عزم کا اعادہ کیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کو ترقی کے عمل میں مکمل طور پر شامل کیا جائے گا تاکہ وہ مردوں کے شانہ بشانہ متوازن، خوشحال اور جامع معاشروں کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

ٹیکنالوجی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کانفرنس کے دوران خصوصی نشستوں میں ڈیجیٹل دور کے مواقع اور چیلنجز پر توجہ مرکوز کی گئی۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے