شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی میں یومِ بنیان المرصوص قومی جذبے اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین کے ساتھ منایا گیا
اسلام آباد: شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی (ایس زیڈ اے بی ایم یو) اسلام آباد میں یومِ بنیان المرصوص ملی جوش و جذبے، حب الوطنی اور قومی یکجہتی کے ساتھ منایا گیا۔ تقریب میں جامعہ کی قیادت، اساتذہ، طلبہ، انتظامی افسران اور عملے نے شرکت کی اور افواجِ پاکستان اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر تنویر خالق نے کی۔ اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر سید تنصیر اصغر، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر عفشین منصور، پرنسپل اسکول آف ڈینٹسٹری پروفیسر بلال، پرنسپل ڈی پی ٹی کالج، ڈین میڈیسن و ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز پروفیسر ڈاکٹر رانا عمران سکندر، ڈین پروفیسر عائشہ عشانی، ڈین سرجری پروفیسر نہید فاطمہ، سینئر فیکلٹی اراکین، شعبہ جات کے سربراہان، طلبہ اور دیگر افسران بھی موجود

تھے۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا جبکہ آئی ایس پی آر کی خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جس نے شرکاء میں حب الوطنی اور قومی فخر کے جذبات کو مزید اجاگر کیا۔
وائس چانسلر کی خصوصی ہدایات پر فیڈرل میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج، اسکول آف ڈینٹسٹری اور ڈی پی ٹی کالج میں بھی یومِ تشکر اور یومِ بنیان المرصوص کے حوالے سے خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں۔ طلبہ نے افواجِ پاکستان کی بہادری، قربانیوں اور پیشہ ورانہ خدمات پر تقاریر پیش کیں جبکہ اساتذہ نے وطن کے محافظوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
جامعہ میں مختلف سرگرمیوں اور خصوصی سیشنز کے ذریعے شہداء اور افواجِ پاکستان کی لازوال قربانیوں کو یاد کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر تنویر خالق نے کہا کہ یومِ بنیان المرصوص اتحاد، نظم و ضبط، استقامت اور قومی ہم آہنگی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شہداء کی قربانیاں قوم کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جا چکی ہیں اور ہمیشہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔
انہوں نے پاکستان آرمی، پاکستان ایئر فورس اور پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عزم اور دفاعِ وطن کے لیے بے مثال خدمات کو بھی سراہا۔
وائس چانسلر نے کہا کہ معرکۂ حق کے شہداء کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ نوجوانوں میں حب الوطنی، قومی یکجہتی اور قربانی کے جذبے کو فروغ دیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایس زیڈ اے بی ایم یو نہ صرف بہترین طبی ماہرین تیار کرنے کے لیے کوشاں ہے بلکہ ایسے ذمہ دار، باصلاحیت اور محبِ وطن شہری بھی پیدا کر رہا ہے جو انسانیت اور پاکستان کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوں۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی جبکہ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
