اسلام آباد: لاہور قلندرز نے پاکستان اور امریکا کے درمیان کرکٹ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ فرنچائز کے مالک اور ڈائریکٹر ثمین رانا نے کہا ہے کہ امریکی کرکٹ اور وہاں کے کھلاڑیوں کے فروغ کے لیے لاہور قلندرز کی مکمل معاونت ہمیشہ دستیاب رہے گی۔
ثمین رانا کے مطابق لاہور قلندرز کے امریکا کے ساتھ مضبوط روابط ہیں اور مقصد یہ ہے کہ دونوں ممالک میں امریکی کھلاڑیوں کو بہترین ممکنہ سہولیات اور مواقع فراہم کر کے ان تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے۔
لاہور قلندرز کے مالکان عاطف رانا اور ثمین رانا، پاکستان کے ون ڈے کپتان شاہین شاہ آفریدی کے ہمراہ اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی ناظم الامور نٹالی اے بیکر کی میزبانی میں منعقدہ خصوصی تقریب میں شریک ہوئے۔
یہ تقریب پاکستانی سفارت خانے کے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی خدمات کے اعتراف اور ستائش کے لیے منعقد کی گئی تھی۔ لاہور قلندرز کے وفد نے سفارت خانے کی کمیونٹی کے ساتھ غیر رسمی ملاقاتوں، معروف امریکی ریسٹورنٹس کے کھانوں اور ٹیم بلڈنگ سرگرمیوں پر مشتمل دوپہر کے پروگرام میں حصہ لیا۔
عاطف رانا نے لاہور قلندرز کے وفد کو مدعو کرنے اور اس خصوصی فیملی تقریب کا حصہ بنانے پر نٹالی اے بیکر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سفارت خانے کے عملے اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کے موقع کو بھی سراہا۔
ناظم الامور نٹالی اے بیکر نے کرکٹ اور سفارت کاری دونوں میں ٹیم ورک کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی سلامتی، تحفظ اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستانی اور امریکی ساتھیوں کے باہمی تعاون پر انہیں فخر ہے۔
