خیرپور شوگر قومی جونیئر اسکواش: عبیداللہ اور دھمیہ خان نے ٹائٹل جیت لیے

newsdesk
3 Min Read
مہمان خصوصی مبین جمانی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر خیرپور شوگر ملز، پانچویں خیرپور شوگر قومی جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے فاتحین کے ہمراہ۔ اس موقع پر جہانگیر خان، عدنان اسد، فراز مبین جمانی، آصف بروہی، نوید رحمان، ایم نسیم اور دیگر عہدیدار بھی موجود ہیں۔

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) خیبر پختونخوا کے عبیداللہ اور سندھ کی دھمیہ خان نے وینس جہانگیر خان اسکواش اکیڈمی کراچی میں اختتام پذیر ہونے والی پانچویں خیرپور شوگر قومی جونیئر اینڈ ویمنز اسکواش چیمپئن شپ میں بالترتیب بوائز انڈر 19 اور ویمنز کیٹیگری کے ٹائٹل اپنے نام کر لیے۔

چیمپئن شپ میں مجموعی انعامی رقم 8 لاکھ روپے رکھی گئی تھی۔ سندھ کے راحیل وکٹر نے بوائز انڈر 15 جبکہ ایم بن نسیم نے بوائز انڈر 11 کا ٹائٹل حاصل کیا۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی خیرپور شوگر ملز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور جمانی گروپ آف انڈسٹریز کے چیئرمین مبین جمانی تھے، جنہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان، سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے صدر عدنان اسد، خیرپور شوگر ملز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فراز مبین جمانی، آصف بروہی، سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے سیکریٹری نوید رحمان اور ایم نسیم بھی موجود تھے۔

بوائز انڈر 19 فائنل میں خیبر پختونخوا کے عبیداللہ نے سندھ کے سیکنڈ سیڈ عدنان زمان کو 1-3 سے شکست دی۔ عبیداللہ پہلا گیم 9-11 سے ہار گئے تھے، تاہم انہوں نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے اگلے تین گیمز 11-4، 11-2 اور 11-7 سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

ویمنز فائنل سنسنی خیز مقابلے کے بعد سندھ کی دھمیہ خان کے نام رہا۔ انہوں نے اپنی ہم وطن وشنوی کو 2-3 سے زیر کیا۔ دھمیہ خان کی کامیابی کا اسکور 6-11، 11-5، 5-11، 11-7 اور 13-11 رہا۔

بوائز انڈر 15 فائنل میں سندھ کے راحیل وکٹر نے خیبر پختونخوا کے ٹاپ سیڈ فواد خان کو اسٹریٹ گیمز میں اپ سیٹ شکست دی۔ راحیل نے مقابلہ 11-9، 11-3 اور 11-7 سے جیتا۔

بوائز انڈر 11 کے فائنل میں سندھ کے ایم بن نسیم نے اپنے صوبے ہی کے محمد ابان کو 1-3 سے شکست دے کر ٹائٹل حاصل کیا۔ ان کی کامیابی کا اسکور 12-10، 11-7، 6-11 اور 11-8 رہا۔

یہ چیمپئن شپ سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام خیرپور شوگر ملز کے تعاون سے منعقد کی گئی، جس میں ملک بھر سے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

Share This Article