خیرپور شوگر اسکواش: سندھ کی تین گرلز آخری چار میں پہنچ گئیں

newsdesk
3 Min Read
خیرپور شوگر نیشنل جونیئر بوائز اینڈ گرلز اسکواش چیمپئن شپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں کوالیفائی کرنے والے کھلاڑی ریفری ایم نسیم اور دیگر آفیشلز کے ہمراہ گروپ فوٹو بنوا رہے ہیں۔

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پانچویں خیرپور شوگر نیشنل جونیئر اینڈ گرلز اسکواش چیمپئن شپ کے تیسرے روز سندھ کی تین گرلز کھلاڑیوں نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ مقابلوں میں مزید دو اپ سیٹ بھی سامنے آئے۔

بوائز انڈر 19 کیٹیگری میں پنجاب کے عمر فاروق بٹ نے بلوچستان کے تھرڈ سیڈ نصر اللہ کو 0-3 سے شکست دے کر اپ سیٹ کیا۔ بوائز انڈر 11 ایونٹ میں سندھ کے حمزہ خان نے خیبر پختونخوا کے تھرڈ سیڈ عمر نجیب کو اسی اسکور لائن سے ہرا کر اہم کامیابی حاصل کی۔

کوارٹر فائنل مقابلے وینس جہانگیر خان اسکواش اکیڈمی کراچی میں کھیلے گئے، جہاں یہ چیمپئن شپ سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام خیرپور شوگر ملز کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے۔ ایونٹ کی مجموعی انعامی رقم 8 لاکھ روپے ہے۔

سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے سیکریٹری نوید رحمان کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق بوائز انڈر 11 کوارٹر فائنلز میں سندھ کے ایم بن نسیم نے پنجاب کے شہزاد احمد کو 0-3 سے شکست دی، جبکہ حمزہ خان نے عمر نجیب کے خلاف 0-3 سے کامیابی حاصل کی۔ خیبر پختونخوا کے ایم طلحہ نے اپنے ہی صوبے کے مصطفیٰ کو سخت مقابلے کے بعد 2-3 سے مات دی، جبکہ سندھ کے محمد ابان نے خیبر پختونخوا کے علیان خلیل کو 0-3 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

بوائز انڈر 15 کیٹیگری میں خیبر پختونخوا کے فواد خان نے پی اے ایف کے ایم اشتیاق کو 0-3 سے شکست دی۔ پی اے ایف کے عزیز علی ناز نے خیبر پختونخوا کے عبدالرحمان کے خلاف 1-3 سے کامیابی حاصل کی۔ سندھ کے راحیل وکٹر نے اپنے صوبے کے عبدالہادی کو 0-3 سے ہرایا، جبکہ پنجاب کے جاسم آفریدی نے احمد خان زاہد کو 1-3 سے شکست دی۔

بوائز انڈر 19 کوارٹر فائنلز میں پنجاب کے عمر فاروق بٹ نے بلوچستان کے تھرڈ سیڈ نصر اللہ کو 0-3 سے زیر کیا۔ ایس این جی پی ایل کے ایم زمان نے پنجاب کے فہیم الرحمان کو 0-3 سے شکست دی، خیبر پختونخوا کے عبید اللہ نے بلوچستان کے عصمت اللہ کو 0-3 سے ہرایا، جبکہ سندھ کے عدنان زمان نے پنجاب کے سیف اللہ خان کو 0-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

گرلز کیٹیگری میں سندھ کی دامیہ خان نے سندھ ہی کی زنیرا عمران کو 0-3 سے شکست دی۔ پنجاب کی ریشانہ محبوب نے سندھ کی سہیمہ فاطمہ کو 0-3 سے ہرایا، جبکہ سندھ کی دعا نزاکت نے ایک دلچسپ مقابلے میں ایمن فاطمہ کو 2-3 سے مات دی۔ سندھ کی ویشنوی نے خیبر پختونخوا کی ہبہ امتیاز کے خلاف 0-3 سے کامیابی حاصل کر کے سیمی فائنل لائن اَپ مکمل کی۔

تمام سیمی فائنل مقابلے آج کھیلے جائیں گے۔

Share This Article