اسلام آباد: انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) کے زیر اہتمام آئی بی سی سی سیکریٹریٹ اسلام آباد میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی قومی جذبے اور بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح نے یومِ آزادی کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وطنِ عزیز کا دفاع اور اس کی خودمختاری کا تحفظ ہر پاکستانی کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کو باہمی اتحاد کے ساتھ ملک کے خلاف کسی بھی خطرے یا جارحیت کے مقابلے میں مضبوط ڈھال بننے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
ڈاکٹر غلام علی ملاح نے طلبہ سے گفتگو میں محنت، نظم و ضبط، لگن اور پختہ عزم کو کامیابی کی بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل تعلیم یافتہ، ہنرمند اور ذمہ دار نوجوان نسل سے وابستہ ہے، اس لیے طلبہ کو اپنی صلاحیتوں میں مسلسل بہتری لانے پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے ہنر پر مبنی تعلیم کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق عملی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے۔ ڈاکٹر ملاح کے مطابق ایسی تعلیم روزگار کے مواقع بڑھانے، جدت کو فروغ دینے اور قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم، مہارت اور محنت کو اپنے مستقبل کی بنیاد بنائیں اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
تقریب کا اختتام آزادی کی روح، قومی یکجہتی اور ملک کی خدمت کے عزم کی تجدید کے ساتھ ہوا۔
