راولپنڈی: راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ میں یومِ آزادی کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کی نگرانی وائس پریذیڈنٹ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ زاہد بختاوری نے کی۔
تقریب کے دوران زاہد بختاوری نے شرکا کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا اور یومِ آزادی کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر ایڈیشنل سی ای او ضیا حسین، اسسٹنٹ سیکرٹری راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ عمران حبیب، معزز مہمانان اور ادارے کا عملہ بھی موجود تھا۔
شرکا نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی اور پاکستان کی سلامتی، ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ تقریب میں قومی یکجہتی اور وطن سے محبت کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس پریذیڈنٹ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ زاہد بختاوری نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو یاد کرنے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی، امن اور استحکام کے لیے ہم سب کو اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
تقریب کے دوران “پاکستان زندہ باد” اور “پاکستان آرمڈ فورسز زندہ باد” کے نعرے بھی لگائے گئے۔ پاکستان کی مسلح افواج سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے زاہد بختاوری نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط کیا ہے، جس پر پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔
زاہد بختاوری نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ملک کے دفاع کے لیے گراں قدر قربانیاں دی ہیں اور قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہدا اور غازی قوم کا فخر ہیں۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان اور قوم کی سلامتی، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔
