اسلام آباد، 2 ستمبر 2026ء: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے بدھ کے روز عالمی شہرت یافتہ مصری قراء کرام کی پاکستان آمد پر ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
مصر سے پاکستان آنے والے قراء کرام میں قاری ایوب عاصف، قاری طہٰ نعمانی، قاری ابراہیم عاصف، قاری ماہر الشناوی اور قاری اسماعیل عاصف شامل ہیں۔
وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے معزز مہمانوں کی آمد کو اہلِ پاکستان کے لیے خوشی اور اعزاز کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم قرآنِ کریم، اس کے قرّاء اور خدامِ قرآن سے گہری محبت اور عقیدت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معزز مہمانوں کو ان کے دوسرے گھر پاکستان میں دلی خوش آمدید کہتے ہیں۔
سردار محمد یوسف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مصری قراء کرام کے دورۂ پاکستان کو بابرکت بنائے، اہلِ پاکستان کو ان کی خوبصورت اور روح پرور تلاوتوں سے مستفید فرمائے اور اس عظیم اجتماع کو قرآنِ کریم کے پیغام، محبت اور اسلامی اخوت کے فروغ کا ذریعہ بنائے۔
اس سے قبل وزارتِ مذہبی امور کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اور دیگر حاضرین نے قراء کرام کی دلنشیں آوازوں میں تلاوتِ قرآنِ کریم سننے کی سعادت حاصل کی۔
واضح رہے کہ تمام مصری قراء کرام 5 ستمبر 2026ء کو بعد نمازِ عصر فیصل مسجد اسلام آباد میں منعقد ہونے والی عظیم الشان عوامی محفلِ حسنِ قرأت میں شرکت کریں گے۔ قرآنِ کریم کی روح پرور تلاوت پر مشتمل یہ خصوصی پروگرام عامۃ الناس کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔
تقریب میں وزارتِ مذہبی امور کے جوائنٹ سیکرٹری دعوۃ و زیارات شہباز مصطفی، ڈائریکٹر قرآن وزارتِ مذہبی امور ڈاکٹر شاہد الرحمن مارتھ، ڈپٹی ڈائریکٹر سیرت مفتی محمد خلیق، جامعہ بنوریہ سے ایڈووکیٹ رفیق شاہ، پروفیسر سجاد قمر، قاری محبوب الرحمن، صاحبزادہ پروفیسر قاری محمد مشتاق انور، چیئرمین صوت القرآن اکیڈمی پاکستان جوہرآباد قاری محمد ذیشان حیدر، چیئرمین قرآن اکیڈمی اسلام آباد، معروف نعت خواں سید ذیشان بخاری، مفتی جمیل الرحمن فاروقی اور مفتی ابرار اسلام آباد بھی شریک تھے۔
