ڈاکٹر ارشاد علی جوکھیو کی گریڈ 20 میں مستقل ترقی، کیپیٹل ہسپتال میں خوشی

newsdesk
4 Min Read
کیپیٹل ہسپتال سی ڈی اے اسلام آباد کے ملازمین نے ڈاکٹر ارشاد علی جوکھیو کو گریڈ 20 میں مستقل ترقی پر مبارک باد پیش کی۔

اسلام آباد: کیپیٹل ہسپتال سی ڈی اے اسلام آباد میں ڈاکٹر ارشاد علی جوکھیو کو مستقل ایگزیکٹو ڈائریکٹر، گریڈ 20، کے عہدے پر ترقی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ساتھیوں، افسران، ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور دیگر ملازمین کی جانب سے انہیں مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کی جا رہی ہیں۔

اس سلسلے میں کیپیٹل ہسپتال سی ڈی اے اسلام آباد کے افسران، ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر اسٹاف ممبران نے گزشتہ روز ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کے دفتر میں ڈاکٹر ارشاد علی جوکھیو سے ملاقات کی اور گریڈ 20 میں مستقل ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے منصب پر ترقی پر دلی مبارک باد دی۔

ملاقات کے موقع پر سابق نرسنگ سپرنٹنڈنٹ سامعہ الیاس، راجہ شبیر تنولی، میڈم تنویر انجم، میڈم زمرد فرزانہ، میڈم فرزانہ، فلپ سومرو، میڈم سنبل، عبدالعزیز لغاری، کامران مسیح، شہباز مسیح، منور مسیح، کھیمن چند ڈائریکٹر بائیو میڈیکل، قاضی سلیم، شائستہ سمیت کیپیٹل ہسپتال کے ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور دیگر ملازمین موجود تھے۔ شرکا نے ڈاکٹر ارشاد علی جوکھیو کو مبارک باد دیتے ہوئے ہسپتال کی ترقی، بہتری اور ادارہ جاتی معاملات میں باہمی تعاون اور لگن کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر اسٹاف ممبران نے کہا کہ وہ ڈاکٹر ارشاد علی جوکھیو کی قیادت میں باہمی تعاون، اتحاد اور محنت کے ساتھ کیپیٹل ہسپتال کو معیاری علاج معالجے اور عوامی خدمت کا نمایاں ادارہ بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

ڈاکٹر ارشاد علی جوکھیو نے ملازمین بالخصوص نرسنگ اسٹاف کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نرسز کی سنیارٹی لسٹ، جو تقریباً چھ سال سے زیر التوا ہے، رکی ہوئی ترقیوں، کیریئر پروگریشن کے معاملات اور این او سی سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملازمین کے قانونی اور جائز حقوق کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

ڈاکٹر ارشاد علی جوکھیو نے واضح کیا کہ کسی ملازم کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی اور تمام امور میرٹ، مروجہ قوانین اور شفافیت کے اصولوں کے مطابق نمٹائے جائیں گے۔

ملاقات کے دوران نرسنگ اسٹاف نے اپنے دیرینہ مسائل بھی اجاگر کیے۔ انہوں نے درخواست کی کہ سنیارٹی لسٹوں اور ترقیوں کے اجرا میں غیر ضروری تاخیر ختم کی جائے، مستقل ملازمین کے ساتھ منصفانہ اور مساوی سلوک کیا جائے اور این او سی کے معاملات میں شفاف پالیسی اپنائی جائے۔ نرسنگ اسٹاف نے پراجیکٹ ملازمین کے این او سیز اور تعلیمی سرگرمیوں سے متعلق بعض معاملات کے غیر جانبدارانہ جائزے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ملازمین نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر ارشاد علی جوکھیو کی قیادت میں کیپیٹل ہسپتال میں انتظامی بہتری، میرٹ پر مبنی فیصلوں، ملازمین کے حقوق کے تحفظ اور ادارہ جاتی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

ملاقات کے اختتام پر تمام شرکا نے ایک بار پھر ڈاکٹر ارشاد علی جوکھیو کو مبارک باد دی اور ان کے کامیاب دور کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کیپیٹل ہسپتال سی ڈی اے اسلام آباد کی ترقی، بہتری اور استحکام کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Share This Article