اسلام آباد، 24 اگست 2026ء — ڈائریکٹر، رائٹر اور ڈولفن کمیونی کیشن کی چیف ایگزیکٹو محترمہ عاصمہ بٹ نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت پوری انسانیت کے لیے رحمت، محبت، امن، برداشت اور بھائی چارے کا پیغام ہے۔
عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر اپنے پیغام میں عاصمہ بٹ نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیاتِ طیبہ اور تعلیمات انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہیں، جن پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانے کی اصل روح یہ ہے کہ ہم حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں، اپنے کردار کو بہتر کریں اور محبت، برداشت، اخوت اور خدمتِ انسانیت کو فروغ دیں۔
عاصمہ بٹ نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عزتِ نفس، مساوات، انصاف اور شفقت کا درس دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ معاشرے کو نفرت، تعصب، ناانصافی اور تقسیم کے خاتمے کے لیے سیرتِ طیبہ سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس بابرکت موقع پر لوگوں کو عہد کرنا چاہیے کہ وہ ضرورت مندوں کی مدد کریں گے، معاشرے کے کمزور طبقات کا سہارا بنیں گے اور امن و ہم آہنگی کو فروغ دیں گے۔
عاصمہ بٹ نے مسلم امہ کو عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امن، خوشحالی اور حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرنے اور انسانیت کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔
