ایس اینڈ پی گلوبل، ٹائی کا پروجیکٹ ایلیویٹ شروع

newsdesk
4 Min Read
پروجیکٹ ایلیویٹ تین سالہ مینٹورشپ پروگرام ہے

ایس اینڈ پی گلوبل پاکستان اور ٹائی اسلام آباد کا "پراجیکٹ ایلیویٹ” کا آغاز، تین سالہ مینٹورشپ پروگرام کے ذریعے 600 سے زائد نوجوانوں کو تربیت فراہم کی جائے گی

اسلام آباد–:13 جولائی 2026:- ایس اینڈ پی گلوبل پاکستان نے ٹائی (TiE) اسلام آباد کے اشتراک سے "پراجیکٹ ایلیویٹ” کے آغاز کا اعلان کر دیا ۔ یہ ایک منظم تین سالہ مینٹورشپ پروگرام ہے، جس کا مقصد 600 سے زائد پاکستانی نوجوانوں کو ایسی پیشہ ورانہ مہارتیں، صنعتی روابط اور کیریئر رہنمائی فراہم کرنا ہے جو انہیں تیزی سے بدلتی ہوئی اور مسابقتی عالمی معیشت میں کامیابی حاصل کرنے کے قابل بنائے۔

تین سالہ پراجیکٹ ایلیویٹ میں ہر سال دو سو شرکاء پیشہ ورانہ تربیت حاص کر سکیں گے۔ شرکاء کو ایس اینڈ پی گلوبل اور ٹائی کے تجربہ کار مینٹورز سے رہنمائی حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ اس پروگرام میں یونیورسٹی طلباء، اپنے کیریئر کے ابتدائی مرحلے میں موجود پیشہ ور افراد، ابھرتے ہوئے کاروباری افراد (Entrepreneurs) اور فری لانسرز سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت نوجوانوں کو شامل کیا جائے گا، جو پاکستان کی ترقی کرتی ہوئی افرادی قوت کی نمائندگی کرتے ہیں۔

پروگرام کے شرکاء کو درج ذیل مواقع فراہم کیے جائیں گے:
• سینئر صنعتی ماہرین کے ساتھ انفرادی (One-on-One) اور گروپ مینٹورشپ، جس کے ذریعے انہیں عملی رہنمائی اور مسلسل معاونت حاصل ہوگی۔
• کارپوریٹ ماحول کے تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت، جس میں مؤثر پیشہ ورانہ ابلاغ، قائدانہ صلاحیتوں کی بنیادی تربیت اور دفتری ماحول میں کامیابی کے اصول شامل ہوں گے۔
• کیریئر ڈویلپمنٹ ورکشاپس، جن میں مالیاتی خدمات ،ٹیکنالوجی اور ڈیٹا اینالیٹکس سمیت ابھرتے اور تیزی سے ترقی کرنے والے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
• ایس اینڈ پی گلوبل پاکستان کی قیادت اور ٹائی کے کاروباری نیٹ ورک تک رسائی اور مؤثر نیٹ ورکنگ کے مواقع۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ایس اینڈ پی گلوبل پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر مجیب ظہور نے کہا کہ پراجیکٹ ایلیویٹ ان افراد پر ایک اسٹریٹجک سرمایہ کاری ہے جن کے بارے میں ہمارا یقین ہے کہ وہ مقامی اور عالمی سطح پر معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ہم اپنی مہارت، تجربہ اور وسائل اس لیے بروئے کار لا رہے ہیں کیونکہ ہمیں پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں پر مکمل اعتماد ہے۔ ہمارا مقصد ایسا ماحول تشکیل دینا ہے جہاں افراد کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، مؤثر رہنمائی اور بہتر مواقع تک رسائی حاصل ہو۔

ایس اینڈ پی گلوبل پاکستان کے سینئر ریجنل پیپل ایڈوائزر عطا الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ا یس اینڈ پی گلوبل میں ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ کسی بھی ادارے کی کامیابی کا سب سے اہم ذریعہ اس میں کام کرنے والے لوگ ہوتے ہیں۔ پراجیکٹ ایلیویٹ کا مقصد شرکاء کو صرف نئی مہارتیں فراہم کرنا نہیں بلکہ انہیں اعتماد، بہتر پیشہ ورانہ شناخت اور ایسا مضبوط پروفیشنل نیٹ ورک فراہم کرنا بھی ہے جس سے وہ ہمیشہ کیلئے مستفید ہو سکیں۔

پراجیکٹ ایلیویٹ، ایس اینڈ پی گلوبل کے اس عالمی عزم کا حصہ ہے جس کے تحت ادارہ افراد کی تعلیم و تربیت، قائدانہ صلاحیتوں کی ترقی، پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ اور ضروری وسائل کی فراہمی میں سرمایہ کاری کرتا ہے، تاکہ وہ بدلتی ہوئی دنیا کے تقاضوں کے مطابق ترقی کریں، نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور مستقبل میں قیادت کے لیے تیار ہو سکیں۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے