بارانی زرعی یونیورسٹی کو عالمی معیار کا نمونہ ادارہ بنانے کے عزم کا اعادہ

newsdesk
2 Min Read
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کی زیر صدارت انسٹیٹیوشنل کوالٹی سرکل بورڈ کے پہلے اجلاس کا منظر

راولپنڈی (پریس ریلیز) پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے ڈائریکٹوریٹ آف کوالٹی انہانسمنٹ کے زیر اہتمام انسٹیٹیوشنل کوالٹی سرکل بورڈ کا پہلا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کی صدارت میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں یونیورسٹی کے تمام ڈینز، ڈائریکٹرز، چیئرمینز، انتظامی سربراہان جبکہ اکیڈمک اور ایڈوانسڈ اسٹڈیز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد معیار کی بہتری کے اقدامات، ادارہ جاتی کارکردگی اور متعلقہ نظام کو مزید مؤثر بنانے کے امور کا جائزہ لینا تھا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ایک مثالی تعلیمی ادارہ بنانے کے لیے مسلسل معیار میں بہتری، شفاف طرزِ حکمرانی، کلیدی کارکردگی اشاریوں کے ذریعے کارکردگی کی نگرانی، اسٹیک ہولڈرز کی رائے، تحقیق، اختراع اور ادارہ جاتی تعاون کا فروغ نہایت اہم ہے۔

اجلاس کے دوران کوالٹی اشورنس کے نظام کو مزید مضبوط بنانے، تعلیمی اور انتظامی کارکردگی میں اضافہ، تدریس و تعلیم کے نتائج کو بہتر بنانے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن سمیت دیگر ایکریڈیٹیشن اداروں کے معیار پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مختلف حکمت عملیوں کا جائزہ لیا گیا۔

ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد جاوید اسد نے شرکاء کو اجلاس کے ایجنڈے پر بریفنگ دی۔ اجلاس کے اختتام پر قابلِ عمل سفارشات کی منظوری دی گئی جبکہ معیار کی بہتری سے متعلق اقدامات کے مؤثر نفاذ اور نگرانی کے لیے فالو اَپ میکنزم بھی منظور کیا گیا۔

Share This Article