روہڑی کے قریب موٹروے پولیس کی کارروائی، اسلحہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام، دو ملزمان گرفتار

newsdesk
2 Min Read
موٹروے ایم فائیو پر روہڑی کے قریب کارروائی میں اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا گیا۔

اسلام آباد، 30 جولائی 2026: نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے موٹروے ایم فائیو پر روہڑی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی اور دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق اوور اسپیڈنگ پر ایک مشتبہ کار کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم گاڑی میں سوار ملزمان نے تین مختلف مقامات پر رکنے کے واضح اشاروں کو نظر انداز کیا اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ موٹروے پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاڑی کا تعاقب کیا اور اسے روہڑی کے قریب روک لیا۔

ترجمان کے مطابق گاڑی کی تلاشی کے دوران 14 ایس ایم جی رائفلیں، ایک شاٹ گن، 19 تیس بور پستول، 4 نائن ایم ایم پستول، 18 ہزار سے زائد مختلف بور کی گولیاں، 46 اضافی ایس ایم جی میگزین، 43 اضافی پستول میگزین، 4 ٹیلی اسکوپس اور 5 موبائل فون برآمد ہوئے۔

موٹروے پولیس کے مطابق ملزمان اسلحہ کی یہ کھیپ پشاور سے اندرون سندھ اسمگل کر رہے تھے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت عبید اللہ اور عبد اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کا تعلق بالترتیب پشاور اور کوہاٹ سے بتایا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان، برآمد شدہ اسلحہ اور ایمونیشن کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ ضلعی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

Share This Article