کراچی: پاکستان ذیابیطس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے جہاں اندازوں کے مطابق 3 کروڑ 45 لاکھ بالغ افراد اس مرض کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ تشویشناک امر یہ ہے کہ ان میں سے 93 لاکھ افراد، یعنی 26.9 فیصد، ایسے ہیں جن میں ذیابیطس کی تشخیص ہی نہیں ہو سکی۔ ماہرین کے مطابق اگر اس بڑھتے ہوئے بوجھ کو کم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو 2050 تک پاکستان میں ذیابیطس کے شکار بالغ افراد کی تعداد 7 کروڑ 2 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔
آغا خان یونیورسٹی ہسپتال (اے کے یو ایچ) میں ذیابیطس کے پھیلاؤ، خطرات کی بروقت شناخت اور مربوط علاج کی اہمیت پر میڈیا راؤنڈ ٹیبل منعقد کیا گیا، جس میں اینڈوکرائنولوجی، ویسکولر سرجری اور کلینیکل نیوٹریشن کے ماہرین نے اظہارِ خیال کیا۔ ماہرین نے واضح کیا کہ ذیابیطس صرف خون میں شکر کی مقدار بڑھنے کا نام نہیں بلکہ وقت کے ساتھ یہ خون کی نالیوں اور اعصاب کو نقصان پہنچا کر دل، گردوں، آنکھوں اور اعضا، خصوصاً ٹانگوں اور پیروں، میں سنگین پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہے۔
راؤنڈ ٹیبل میں بتایا گیا کہ نوجوان بالغ افراد بھی ذیابیطس کے خطرے سے باہر نہیں ہیں۔ خاص طور پر وہ افراد جن کے خاندان میں ذیابیطس کی تاریخ موجود ہو، پیٹ کے گرد چربی زیادہ ہو یا جن کا طرزِ زندگی غیر متحرک ہو، انہیں محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ ماہرین نے یہ بھی کہا کہ بظاہر مناسب یا صحت مند وزن رکھنے والے افراد کو بھی یہ خیال نہیں کرنا چاہیے کہ انہیں ذیابیطس کا کوئی خطرہ نہیں۔
اے کے یو ایچ کی کنسلٹنٹ اینڈوکرائنولوجسٹ ڈاکٹر اسماء احمد کے مطابق ٹائپ 2 ذیابیطس صرف بڑی عمر کے لوگوں تک محدود نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان افراد، خاص طور پر وہ جن کے خاندان میں ذیابیطس پائی جاتی ہو یا جن میں دیگر خطرے کے عوامل موجود ہوں، علامات ظاہر ہونے کا انتظار کیے بغیر اسکریننگ کروائیں۔ ان کے مطابق جن افراد میں ذیابیطس کی تشخیص ہو چکی ہو، ان کے لیے تجویز کردہ ادویات کا باقاعدہ استعمال، مسلسل فالو اَپ اور طرزِ زندگی میں پائیدار تبدیلیاں مرض کو قابو میں رکھنے اور پیچیدگیوں کے خدشات کم کرنے کے لیے ضروری ہیں۔
بروقت مداخلت کی اہمیت اے کے یو ایچ کے کمیونٹی پر مبنی پاکستان ڈائیبیٹیز پریوینشن ٹرائل سے بھی سامنے آئی۔ اس تحقیق میں ایک سال بعد طرزِ زندگی میں تبدیلی کے گروپ میں شامل پری ڈائیبیٹیز کے 61 فیصد شرکا کے خون میں شکر کی سطح معمول پر آ گئی۔ یہ بہتری سادہ اور مقامی ثقافتی ضروریات سے ہم آہنگ طرزِ زندگی کی تبدیلیوں کے ذریعے حاصل ہوئی۔
ذیابیطس کے دوران خون اور اعصابی نظام پر اثرات کے حوالے سے اے کے یو ایچ کے اسسٹنٹ پروفیسر اور سیکشن ہیڈ ویسکولر سرجری ڈاکٹر فرید احمد شیخ نے کہا کہ ذیابیطس خون کی گردش اور اعصاب کی کارکردگی کو متاثر کر سکتی ہے، خصوصاً ٹانگوں اور پیروں میں۔ ان کے مطابق جب حس اور خون کی روانی کم ہو جائے تو معمولی زخم بھی محسوس نہیں ہوتا اور سنگین زخم میں بدل سکتا ہے، جو علاج نہ ہونے کی صورت میں عضو کے ضائع ہونے تک جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیروں کا باقاعدہ معائنہ اور بروقت طبی جائزہ مسائل کی ابتدائی شناخت اور شدید پیچیدگیوں کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
طبی علاج کے ساتھ غذائیت کے کردار پر بات کرتے ہوئے اے کے یو ایچ کی سینئر ڈائٹیشن فرح سید نے کہا کہ ذیابیطس کے انتظام کا مطلب پسندیدہ غذائیں مکمل طور پر چھوڑ دینا یا انتہائی سخت غذا اپنانا نہیں۔ ان کے مطابق متوازن انتخاب، خوراک کی مقدار پر توجہ، سبزیوں، دالوں اور ثابت اناج کا زیادہ استعمال اور میٹھے مشروبات میں کمی خون میں شکر کو بہتر طور پر قابو میں رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصل اہمیت ایسی عملی تبدیلیوں کی ہے جنہیں طویل مدت تک برقرار رکھا جا سکے۔
ماہرین نے زور دیا کہ ذیابیطس کا مؤثر علاج صرف خون میں شکر کی نگرانی تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔ طبی علاج، خون کی نالیوں اور پیروں کے معائنے، اور ہر مریض کی ضرورت کے مطابق غذائی رہنمائی پر مشتمل مربوط نگہداشت مریضوں کو مرض بہتر انداز میں سنبھالنے، پیچیدگیوں کے خطرات کم کرنے اور معیارِ زندگی بہتر رکھنے میں مدد دے سکتی ہے۔
