تاجروں کے اجتماعی مفاد کے لیے ڈیموکریسی گروپ کا ساتھ دیا جائے، آغا شیراز بشارت

newsdesk
3 Min Read
اسلام آباد میں سلمیٰ برکات کی جانب سے ڈیموکریسی گروپ کے چیئرمین آغا شیراز بشارت اور امیدواروں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔

اسلام آباد (سٹی رپورٹر): اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے انتخابات کے حوالے سے سلمیٰ برکات کی جانب سے ڈیموکریسی گروپ کے چیئرمین آغا شیراز بشارت، گروپ کے امیدواروں اور اسلام آباد کی کاروباری برادری کے ارکان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔

تقریب میں تاجر رہنماؤں، ڈیموکریسی گروپ کے امیدواروں اور ایگزیکٹو ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر آغا شیراز بشارت کے صاحبزادے آریان شیراز نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔

عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے آغا شیراز بشارت نے کہا کہ اسلام آباد کی کاروباری برادری ایک اہم مرحلے سے گزر رہی ہے، اس لیے وقت کا تقاضا ہے کہ گروہی اختلافات، ذاتی مفادات اور عہدوں کی سیاست سے بالاتر ہو کر تاجروں کے اجتماعی مفاد کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس کسی فرد یا کسی مخصوص گروپ کی جاگیر نہیں بلکہ پوری کاروباری برادری کا نمائندہ ادارہ ہے۔

آغا شیراز بشارت نے کہا کہ تاجروں کی نمائندگی کے دعویداروں کو کاروباری برادری میں تقسیم پیدا کرنے کے بجائے اتحاد، مشاورت اور جمہوری روایات کو مضبوط بنانا چاہیے۔ ان کے مطابق اختلاف رائے جمہوریت کا حصہ ہے اور اسے دشمنی نہیں سمجھنا چاہیے، تاہم کاروباری برادری کے اجتماعی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ تاجر طبقہ پہلے ہی بڑھتے ہوئے ٹیکسوں، بجلی اور گیس کے بڑھتے اخراجات، کاروباری مشکلات اور حکومتی پالیسیوں کے باعث سنگین مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔ ایسے حالات میں ضروری ہے کہ کاروباری برادری باہمی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر حکومت کے سامنے اپنے مسائل مشترکہ طور پر اٹھائے۔

آغا شیراز بشارت نے واضح کیا کہ ہماری جدوجہد کسی فرد کے خلاف نہیں بلکہ تاجروں کے حقوق کے لیے ہے۔ جو بھی کاروباری برادری کے اتحاد، وقار اور حقوق کے لیے کھڑا ہوگا، مرکزی تنظیم تاجران پاکستان اس کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

اس موقع پر ڈیموکریسی گروپ کے سیکرٹری جنرل مرزا ناصر یعقوب نے شرکا کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر انتخابات میں حصہ لینے کا بنیادی مقصد تاجروں کے دیرینہ مسائل کا حل اور کاروباری برادری کے مفادات کا مؤثر تحفظ ہے۔ انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ اپنے ووٹ کا درست استعمال کریں اور چیمبر میں مثبت تبدیلی کے لیے ڈیموکریسی گروپ کے امیدواروں کی حمایت کریں۔

عشائیے سے خطاب کرنے والے دیگر مقررین میں عبدالقدوس سواتی، عزیز ملک، محمد رضوان، تابش محبوب جٹ، سردار منیر، سردار امجد خان، فرخ سعید، راجہ بلال زاہد، مختار عباس، آصف محمود، شیخ سلیم، محمد ہاشم رشید، تیمور شفیق، اسد محمود اور سید مستانیر الحسنی شامل تھے۔ مقررین نے تاجروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری، اتحاد اور کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

Share This Article