روزگار کے بہتر مواقع اور کاروباری رجحانات کے فروغ کے لیے نئے تعلیمی اقدامات کی منظوری
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کی زیر صدارت پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کی اکیڈمک کونسل کا 81واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں رجسٹرار محمد عقیل سلطان، مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، اداروں کے ڈائریکٹرز، پروفیسرز اور ایسوسی ایٹ پروفیسرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں اکیڈمک کونسل کے 80ویں اجلاس کی کارروائی کی توثیق کی گئی اور مختلف تعلیمی امور کا جائزہ لیا گیا۔ کونسل نے متعدد نئے ڈگری پروگراموں کی منظوری دی جو صنعتی ضروریات اور جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیے گئے ہیں۔ ان پروگراموں کا بنیادی مقصد طلبہ کو مہارت پر مبنی تعلیم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ نہ صرف روزگار حاصل کرنے کے قابل ہوں بلکہ کاروباری اور قائدانہ صلاحیتوں سے بھی آراستہ ہو کر خود روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں۔
اکیڈمک کونسل نے تمام فیکلٹیز کو ہدایت کی کہ وہ مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کے کورسز کا نصاب تیار کریں اور اسے اپنے تمام ڈگری پروگراموں کا لازمی حصہ بنائیں۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ بنانا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے ڈینز اور ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ تعلیمی قوانین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے طلبہ کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں اور ان کی مہارتوں، تحقیقی صلاحیتوں اور عملی استعداد میں مزید اضافہ کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معیاری تعلیم، تحقیق اور اختراع کے فروغ کے ذریعے طلبہ کو قومی و بین الاقوامی سطح پر درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنایا جائے۔
اجلاس کے اختتام پر یونیورسٹی میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے، نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور تحقیق و جدت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
