چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر اسلام آباد کے ون ونڈو ڈائریکٹوریٹ میں باقاعدہ طور پر کیش لیس نظام نافذ کر دیا گیا ہے۔ افتتاحی موقع پر صارفین کی موجودگی میں ون ونڈو فیسلیٹیشن سینٹر میں یہ سہولت عوام کے لیے فعال کر دی گئی، جہاں متعلقہ افسران اور مختلف مالیاتی اداروں کے نمائندے شریک تھے۔
تقریب میں رکن فنانس طاہر نعیم، رکن ماحولیات اسفندیار بلوچ، ڈی جی بلڈنگ کنٹرول، ڈائریکٹر ون ونڈو اور ڈائریکٹر اسٹیٹ ون نے شرکت کی جبکہ فنسٹ کے چیف ایگزیکٹو شاہ نواز محمود اور بینک الفلاح کے نمائندہ فراز یار خان سمیت دیگر کمرشل بینکس و مالیاتی اداروں کے نمائندے اور عام شہری بھی موجود تھے۔
متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کو کیش لیس و ڈیجیٹل لین دین کے طریقہ کار کی تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا گیا کہ ایزی پیسہ اور جاز کیش سمیت مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے کیو آر کوڈ سسٹم کو فعال کیا گیا ہے جبکہ ای چلان کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ اس موقع پر چیئرمین نے خود ایک ڈیجیٹل ٹرانزیکشن کر کے نئے نظام کا عملی جائزہ بھی لیا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے واضح کیا کہ اس اقدام کا مقصد اسلام آباد کو ملک کا پہلا کیش لیس ماڈل شہر بنانا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے وژن کے تحت شہریوں کو آسان، تیز اور شفاف ادائیگیوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظام ای گورننس کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا اور شہریوں کو مالی دھوکہ دہی اور فراڈ سے محفوظ رکھنے میں مدد دے گا۔
چیئرمین نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ہفتہ وار بازاروں میں راست کیو آر کوڈ متعارف کرا دیے گئے ہیں اور مرحلہ وار شہر کے تمام کمرشل مراکز، شاپنگ سینٹرز، ہول سیل اور ریٹیل مارکیٹس میں بھی کیش لیس نظام کو تیزی سے نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو اپنی پسند کے بینک یا مالیاتی ادارے کے ذریعے ٹرانزیکشن کرنے کی مکمل آزادی ہوگی تاکہ ہر شہری اپنی سہولت کے مطابق ڈیجیٹل لین دین کر سکے۔
اس موقع پر چیئرمین نے پورے عملے کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ جلد اسلام آباد میں تمام خدمات کو آسان خدمت مرکز کے ذریعے ایک چھت تلے فراہم کیا جائے گا جسے وزارتِ اطلاعات و ٹیکنالوجی کے اشتراک سے عمل میں لایا جا رہا ہے۔ آسان خدمت مرکز میں پبلک ڈیلنگ پروفیشنل انداز اور کارپوریٹ معیار کے مطابق ہوگی تاکہ شہری کو بروقت اور معیاری خدمات میسر ہوں۔
چیئرمین نے زور دے کر کہا کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ اسلام آباد کے ہر شہری کو کیش لیس نظام کے ذریعے مالی معاملات میں آسانی ملے اور وہ جیب میں نقد رقم لے کر گھومنے پر مجبور نہ ہوں۔ کیش لیس نظام کے نفاذ سے نہ صرف ادائیگیاں تیز اور شفاف ہوں گی بلکہ دارالحکومت میں کیش لیس معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔
