کراچی کی مسلسل تیسری کامیابی، آئی سی آر سی چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں رسائی

newsdesk
4 Min Read
سابق انٹرنیشنل کرکٹر غلام علی آئی سی آر سی نیشنل فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ چیمپئن شپ کے دوران کوئٹہ کے تنویر احمد کو پلیئر آف دی میچ کا نقد انعام دے رہے ہیں، اس موقع پر امیرالدین انصاری، اسلم باریچ، محمد نظام اور دیگر عہدیداران بھی موجود ہیں۔

کراچی: آئی سی آر سی نیشنل فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ چیمپئن شپ کے چوتھے مرحلے کے تیسرے روز کراچی نے لاڑکانہ کو 110 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ کراچی کی یہ مسلسل تیسری فتح تھی اور ٹیم ناقابل شکست رہتے ہوئے اگلے مرحلے میں پہنچ گئی۔

پاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن (پی پی ڈی سی اے) کے زیر اہتمام اور انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کے تعاون سے راشد لطیف کرکٹ گراؤنڈ میں دو میچز کھیلے گئے۔ دوسرے مقابلے میں کوئٹہ نے کوئٹہ بولان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی۔

اس موقع پر پی پی ڈی سی اے کے سیکریٹری امیرالدین انصاری، ڈائریکٹر محمد نظام، ریجنل ہیڈ بلوچستان اسلم باریچ، وقار احمد، لاڑکانہ ٹیم کے منیجر دانش احمد، کراچی کے کوچ راؤ جاوید اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

پہلے میچ میں کوئٹہ بولان نے پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 93 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ نصرت اللہ نے 22 اور محمد عامر نے 13 رنز بنائے۔ کوئٹہ کی جانب سے تنویر احمد نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 14 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ علی بخش نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں کوئٹہ نے مطلوبہ ہدف صرف 11 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ سیف اللہ نے 38 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی، جبکہ طاہر حسن 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ سابق انٹرنیشنل کرکٹر غلام علی اس میچ کے مہمان خصوصی تھے، جنہوں نے کوئٹہ کے تنویر احمد کو پلیئر آف دی میچ کا نقد انعام دیا۔

دوسرے میچ میں کراچی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے 194 رنز بنائے۔ عمر فاروق نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 69 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 115 رنز اسکور کیے۔ ان کے اوپننگ پارٹنر وحید خان نے 50 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 65 رنز بنائے۔

عمر فاروق اور وحید خان نے پہلی وکٹ کے لیے 194 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی، جو ڈس ایبلٹی کرکٹ میں نیا ریکارڈ قرار دی گئی۔

ہدف کے تعاقب میں لاڑکانہ کی ٹیم کراچی کی بولنگ کے سامنے مشکلات کا شکار رہی اور مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 84 رنز بنا سکی۔ وسیم صمد نے 23، نعمان جدون نے 20 اور ہمت علی نے 13 رنز بنائے۔ کراچی کی طرف سے کامران خان نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں۔

پی پی ڈی سی اے کے سیکریٹری امیرالدین انصاری اس میچ کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے کراچی کے عمر فاروق کو پلیئر آف دی میچ کا نقد انعام جبکہ وحید خان کو خصوصی انعام پیش کیا۔ اس موقع پر پی پی ڈی سی اے کے ڈائریکٹر محمد نظام بھی موجود تھے۔

Share This Article