اسلام آباد: پاکستان۔بنگلہ دیش پارلیمانی فرینڈشپ گروپ نے ڈاکٹر شازیہ صوبیہ اسلم سومرو، ایم این اے، کی کنوینرشپ میں بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد کے ساتھ ملاقات کی۔ وفد کی قیادت بنگلہ دیش۔پاکستان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے چیئرپرسن مسٹر نصیر رحمان کر رہے تھے۔ یہ ملاقات منگل 24 نومبر 2026 کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے کانسٹی ٹیوشن روم میں ہوئی۔
بنگلہ دیشی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈاکٹر شازیہ صوبیہ اسلم سومرو نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، جو مشترکہ تاریخ، ثقافتی ہم آہنگی اور عوامی سطح پر دیرینہ روابط پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری ادارہ جاتی روابط، قانون سازی کے تبادلوں اور استعدادِ کار میں اضافے کے اقدامات کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
مسٹر نصیر رحمان نے بھی اسی جذبے کا اظہار کرتے ہوئے باہمی احترام، تعمیری مکالمے، بہتر رابطہ کاری اور دونوں ممالک کے عوام کی فلاح کے مشترکہ عزم کے تحت دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں پارلیمانی تعاون، تجارت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی، صحت، ڈیجیٹل گورننس، خواتین کو بااختیار بنانے، بچوں کے حقوق اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران پاکستان۔بنگلہ دیش نالج کوریڈور کے تحت مواقع بھی زیرِ بحث آئے۔
دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے پارلیمانی روابط کا تسلسل ضروری ہے، جس میں باقاعدہ ورچوئل رابطے اور ایک دوسرے کے دورے شامل ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر مسٹر محمد معین وٹو اور ارکانِ قومی اسمبلی مس زہرا ودود فاطمی، مس شائستہ پرویز، مس رومینہ خورشید عالم، مسٹر داور خان کنڈی، مس نعیمہ کشور خان، مسٹر فیصل امین خان، مسٹر شیر علی ارباب، مس حما اختر چغتائی، مس مسرت رفیق مہیسر، مس تمکین نیازی اور مسٹر اویس حیدر جکھڑ نے شرکت کی۔
ملاقات کے اختتام پر باہمی احترام، علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کے جذبے کے تحت پارلیمانی دوستی اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔
