پاکستان کے پانی پر قدغن جنگی اقدام ہوگی، یوسف رضا گیلانی

newsdesk
7 Min Read
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے چھٹے پاکستان واٹر ویک 2026 میں پاکستان کی آبی سلامتی کو قومی ترجیح قرار دیا۔

اسلام آباد، 2 نومبر 2026ء: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کے جائز پانی کے حصے کو روکنے، معطل کرنے یا اس کا رخ موڑنے کی کوئی بھی کوشش جنگی اقدام تصور ہوگی اور اس کا براہ راست جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پانی کو ہتھیار بنانے یا اسے جغرافیائی سیاسی دباؤ کے آلے کے طور پر استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا، کیونکہ ملک کی آبی سلامتی، خودمختاری اور قومی مفادات ناقابلِ سمجھوتہ ہیں۔

چھٹے پاکستان واٹر ویک 2026 سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ ایک پابند بین الاقوامی معاہدہ ہے، جس کی شقوں کو کوئی فریق یکطرفہ طور پر تبدیل، معطل یا منسوخ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے بارے میں پاکستان کا مؤقف اصولی اور پختہ ہے، اور معاہدے کے تحت پاکستان کے حقوق کو کمزور کرنے کی کسی بھی کوشش کے سنگین نتائج ہوں گے۔

چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کے آبی شعبے کو درپیش بڑھتے ہوئے چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک ایک دوہرے بحران سے گزر رہا ہے؛ ایک طرف تباہ کن سیلاب لاکھوں افراد کو بے گھر کرتے ہیں، جبکہ دوسری جانب طویل خشک سالی زمین کے وسائل کو کمزور کرتی اور زرعی پیداوار کے لیے خطرات پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی کس پانی کی دستیابی میں کمی ملک کو ایک نازک حد تک لے آئی ہے، جس کے باعث آبی سلامتی فوری قومی ترجیح بن چکی ہے۔

انہوں نے انٹرنیشنل واٹر مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ، کنسلٹیٹو گروپ آن انٹرنیشنل ایگریکلچرل ریسرچ، وزارت آبی وسائل، پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں کو پاکستان واٹر ویک کو برقرار رکھنے پر مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پلیٹ فارم سائنسی مکالمے، پالیسی سازی اور پاکستان کے آبی مسائل کے مشترکہ حل کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے 2010 کے تباہ کن سیلاب کے دوران بطور وزیر اعظم اپنے تجربے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس آفت نے تقریباً دو کروڑ افراد کو متاثر کیا اور انہوں نے قدرتی آفات کی بھاری انسانی قیمت کو قریب سے دیکھا۔ حالیہ سیلابوں کے دوران متاثرہ آبادیوں سے رابطوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے متاثرین کی مشکلات خود دیکھیں، ان کی باتیں سنیں اور امداد و بحالی کے لیے کوششیں متحرک کیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہر بڑی آفت اپنے اندر سبق رکھتی ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق ہر آفت ایک ایسی وارننگ ہے جسے ہم نے نظرانداز کیا، آفت کے بعد ردعمل لچک نہیں کہلاتا اور کوئی ایک ادارہ تنہا ان چیلنجز سے نہیں نمٹ سکتا۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو آفات کے انتظام میں صرف ردعمل دینے کے انداز سے آگے بڑھ کر ایک جامع ڈھانچہ بنانا ہوگا، جس کی بنیاد روک تھام، پیشگی تیاری، موسمیاتی موافقت اور طویل المدتی لچک پر ہو۔ انہوں نے مضبوط ادارہ جاتی رابطہ کاری، قابلِ نفاذ قانون سازی، مؤثر منصوبہ بندی اور حفاظتی اقدامات کے لیے مناسب مالی وسائل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے یقین دہانی کرائی کہ سینیٹ اس تبدیلی میں اپنا آئینی اور ادارہ جاتی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دریائی بیسنز سے متعلق قانون سازی، آبی پالیسیوں کے کسانوں اور کمیونٹیز تک عملی فوائد پہنچانے کے لیے پارلیمانی نگرانی، اور آفات سے بچاؤ و پانی کے تحفظ کے لیے مخصوص بجٹ مختص کرنے کی حمایت سینیٹ کے کردار کا حصہ ہوگی۔

چیئرمین سینیٹ نے پانی کو وفاق کے لیے ایک متحد کرنے والا عنصر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانی کی منصفانہ تقسیم اور وفاق و صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ قومی ہم آہنگی کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے 1991 کے آبی معاہدے اور نیشنل واٹر پالیسی 2018 کو اہم سنگِ میل قرار دیا جو آبی وسائل کے انتظام کے لیے ملک کے اجتماعی عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اصل چیلنج ان قومی فریم ورکس پر مؤثر عملدرآمد ہے۔ ان کے مطابق سینیٹ، ایوانِ وفاق کی حیثیت سے، وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے، اتفاقِ رائے پیدا کرنے اور قومی اہمیت کے مسائل کے حل کے لیے ایک اہم آئینی فورم فراہم کرتا ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی آبی سلامتی کا براہِ راست تعلق زرعی معیشت، غذائی تحفظ، ماحولیاتی پائیداری اور مجموعی معاشی ترقی سے ہے۔ انہوں نے پانی کے تحفظ، مؤثر آبپاشی نظام، جدید آبی انتظامی ٹیکنالوجیز، تحقیق اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابل زرعی طریقوں میں سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ سائنسی تحقیق، جدت اور علم کے تبادلے کو پالیسی سازی کا مرکزی حصہ رہنا چاہیے، جبکہ حکومتی اداروں، تحقیقی تنظیموں، جامعات اور بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط کیا جانا چاہیے تاکہ عملی اور پائیدار حل سامنے آ سکیں۔

مستقبل کے لیے قومی وژن بیان کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ 2047 تک، جب پاکستان اپنی آزادی کی صد سالہ تقریبات منائے گا، ملک کو آبی طور پر محفوظ اور سیلابوں کے مقابل لچکدار قوم کے طور پر ابھرنا چاہیے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ پائیدار ادارہ جاتی شراکت داری، سائنسی مہارت اور قومی سطح پر مشترکہ عزم کے ذریعے پاکستان یہ ہدف حاصل کر سکتا ہے۔

انہوں نے پاکستان کو پیچیدہ آبی چیلنجز سے نمٹنے میں معاونت فراہم کرنے پر آئی ڈبلیو ایم آئی اور اس کے ترقیاتی شراکت داروں کے کردار کو بھی سراہا۔ خطاب کے اختتام پر سید یوسف رضا گیلانی نے امید ظاہر کی کہ چھٹا پاکستان واٹر ویک پاکستان کی آبی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے قابلِ عمل سفارشات، جدید حل اور واضح روڈ میپ فراہم کرے گا۔

Share This Article