کراچی (اسپورٹس رپورٹر) آئی سی آر سی نیشنل فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ چیمپئن شپ میں کوئٹہ نے سیف اللہ کی جارحانہ سنچری کی بدولت لاڑکانہ کو 120 رنز سے شکست دے دی، جبکہ کراچی نے خورشید علی کی شاندار سنچری کے سہارے کوئٹہ بولان کے خلاف 122 رنز کے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی۔ کوئٹہ کے تنویر احمد نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی۔
پاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور آئی سی آر سی کے تعاون سے جاری نیشنل فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ چیمپئن شپ کے چوتھے مرحلے کے دوسرے روز راشد لطیف کرکٹ گراؤنڈ میں مزید دو میچز کھیلے گئے۔ اس موقع پر پاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری امیرالدین انصاری، ڈائریکٹر پی پی ڈی سی اے محمد نظام، ریجنل ہیڈ بلوچستان اسلم بریچ، وقار احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔
پہلے میچ میں کوئٹہ نے لاڑکانہ کو بآسانی 120 رنز سے ہرایا۔ کوئٹہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے۔ سیف اللہ نے 70 گیندوں پر 15 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 112 رنز اسکور کیے۔ طاہر حسن اور جنید حسن نے 20، 20 رنز بنائے۔ لاڑکانہ کی جانب سے احمد قریشی اور اسحاق سینئر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں لاڑکانہ کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 77 رنز تک محدود رہی۔ وسیم صمد 24 اور نعمان جدون 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کوئٹہ کے تنویر احمد نے 10 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں، جس میں شاندار ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی، جبکہ ایاز نے 15 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے کوآرڈینیٹر اعظم خان نے کوئٹہ کے سیف اللہ کو پلیئر آف دی میچ کیش ایوارڈ پیش کیا۔ زون 6 کے صدر صائم احمد نے سنچری بنانے پر سیف اللہ اور ہیٹ ٹرک کرنے پر تنویر احمد کو بھی نقد انعامات دیے۔ پی پی ڈی سی اے کی جانب سے اعظم خان کو شیلڈ پیش کی گئی۔
دوسرے میچ میں کراچی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے دو وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔ خورشید علی نے 65 گیندوں پر 14 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 103 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ وحید خان نے 49 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 64 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ بولان کی ٹیم 9 وکٹوں پر 64 رنز بنا سکی۔ عبد الہادی 15 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کراچی کی طرف سے اسامہ نے 8 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ملک شیر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاندار سنچری اسکور کرنے پر مہمان خصوصی ریجنل ہیڈ پی پی ڈی سی اے بلوچستان اسلم بریچ نے کراچی کے خورشید علی کو پلیئر آف دی میچ کیش ایوارڈ دیا، جبکہ کراچی کے کپتان وحید خان کو خصوصی انعام دیا گیا۔
چیمپئن شپ میں آج مزید دو میچز کھیلے جائیں گے۔
