بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں سٹوڈنٹس ویک 2026 کی رنگا رنگ تقریبات شروع

newsdesk
3 Min Read
پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں سٹوڈنٹس ویک 2026 کی افتتاحی تقریب میں وفاقی وزراء، سفارت کاروں اور جامعہ حکام کی شرکت۔

راولپنڈی: پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں سٹوڈنٹس ویک 2026 کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔ 23 نومبر سے 29 نومبر 2026 تک جاری رہنے والی اس ہفتہ بھر کی سرگرمیوں میں تعلیمی، ادبی، ثقافتی، فکری اور تفریحی پروگرام شامل ہیں۔

یونیورسٹی میں منعقدہ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی تھے۔ سٹوڈنٹس ویک کے تحت سیمینارز، ورکشاپس، نمائشوں، گالاز، ثقافتی تقریبات اور طلبہ کے مختلف مقابلوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جن کے ذریعے طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، نئے خیالات سے آگاہی اور تعلیمی و پیشہ ورانہ مہارتوں میں بہتری کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی نے یونیورسٹی کی جانب سے صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کے انعقاد کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے پروگرام طلبہ کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں، استعداد اور قابلیت دکھانے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی کی اپ گریڈیشن اور طلبہ کے لیے اضافی سہولیات کی فراہمی سے متعلق مختلف اقدامات کا بھی اعلان کیا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے معزز مہمانوں اور شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ان کی آمد و تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے طلبہ کی مشترکہ سرگرمیوں کی اخلاقی، تربیتی اور تعلیمی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں طلبہ میں اعتماد، قیادت، ٹیم ورک، نظم و ضبط اور احساسِ ذمہ داری پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

افتتاحی روز کی سرگرمیوں میں بین الاقوامی سفارت کاروں نے بھی شرکت کی۔ جمہوریہ آذربائیجان کے سفیر عرفان داوودوف اور وفاقی جمہوریہ ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے سیمینارز میں شرکت کی اور یونیورسٹی کی علمی برادری سے تبادلہ خیال کیا۔

سٹوڈنٹس ویک کے پہلے روز ایک خصوصی محفلِ قرأت و نعت بھی منعقد کی گئی، جس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ روحانی محفل میں معروف قراء اور نعت خواں حضرات نے حصہ لیا، جن میں پروفیسر عبدالرؤف روفی (ستارہ امتیاز) بھی شامل تھے۔

Share This Article