راولپنڈی، 11 اگست 2026ء: پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی (PMAS-AAUR) اور قازقستان کی نزاربایف یونیورسٹی کے درمیان تحقیق، فیکلٹی و طلبہ کے تبادلے، تعلیمی سرگرمیوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط نزاربایف یونیورسٹی کے اعلیٰ سطحی وفد کے دورہ بارانی زرعی یونیورسٹی کے موقع پر کیے گئے۔ وفد میں نزاربایف یونیورسٹی کے پرووسٹ پروفیسر ریحان صادق، شعبہ مارکیٹنگ کے ڈائریکٹر دانیار دوئیماگامبیتوف اور یونیورسٹی کے دیگر حکام شامل تھے۔ یونیورسٹی آف پرنس ایڈورڈ آئی لینڈ (UPEI)، کینیڈا کے ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر اعتزاز اے فاروق بھی اس موقع پر موجود تھے، جنہوں نے وفد کے دورے کو ممکن بنانے اور اداروں کے درمیان تعلیمی روابط مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
بارانی زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے وفد کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ اس موقع پر رجسٹرار، ڈینز، ڈائریکٹرز، مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور دیگر سینئر یونیورسٹی افسران بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے وفد کو یونیورسٹی کی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں، جاری ترقیاتی منصوبوں اور اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے معیار میں بہتری کے لیے اٹھائے گئے اہم اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تعلیمی شراکت داریاں تحقیق کی صلاحیت میں اضافے، مہارتوں کے تبادلے اور فیکلٹی و طلبہ کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے نہایت اہم ہیں۔
پروفیسر ریحان صادق نے شرکا کو نزاربایف یونیورسٹی کے تعلیمی پروگراموں، تحقیقی صلاحیتوں، جدید سہولیات اور بین الاقوامی رجحان کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بارانی زرعی یونیورسٹی میں جاری تعلیمی اور تکنیکی اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ دونوں جامعات کے درمیان یہ اشتراک بامقصد، پائیدار اور مؤثر تعاون کا ذریعہ بنے گا۔
دورے کے دوران وفد نے بارانی زرعی یونیورسٹی کی جدید تحقیقی اور اختراعی سہولیات کا معائنہ بھی کیا۔ ان سہولیات میں سنٹر فار پریسیژن ایگریکلچر (C4PA)، نیشنل سنٹر آف انڈسٹریل بائیو ٹیکنالوجی (NCIB)، گرین اے آئی ہائیڈروپونک یونٹ اور سنٹر فار ماڈرن ایگریکلچر اینڈ واٹر ایفیشنٹ ٹیکنالوجیز شامل تھے۔ وفد نے یونیورسٹی کی جدید تحقیقی سہولیات، نئی ٹیکنالوجیز اور خصوصی آلات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
دورے کے اختتام پر بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی اور نزاربایف یونیورسٹی کے درمیان خیرسگالی اور دوستانہ تعلقات کے اظہار کے طور پر یادگاری تحائف کا تبادلہ کیا گیا۔
