لاہور: پاکستان کے خرم امتیاز نے تھائی لینڈ کے شہر پٹایا کے گریٹا اسپورٹس کلب میں جاری آئی ٹی ایف ورلڈ ٹینس ماسٹرز ٹور MT400 ٹورنامنٹ کے مینز 55 پلس سنگلز کوارٹر فائنل میں غیر معمولی کھیل پیش کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے تھرڈ سیڈ اور عالمی نمبر 173 ڈیمین پاؤنڈ کو زیر کر کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
خرم امتیاز نے میچ کے آغاز ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور اپنے بلند رینکنگ حریف کو مکمل دباؤ میں رکھا۔ وہ 6-2، 5-2 (30-0) سے واضح برتری پر تھے جب ڈیمین پاؤنڈ کندھے کی انجری کے باعث مقابلہ جاری نہ رکھ سکے اور ریٹائر ہو گئے۔
پاکستانی کھلاڑی نے پورے میچ کے دوران شاندار کورٹ کوریج، تیز گراؤنڈ اسٹروکس اور عمدہ کنٹرول کا مظاہرہ کیا۔ پہلے سیٹ میں خرم نے زوردار فور ہینڈز کے ذریعے درجن سے زائد کلین ونرز لگائے اور مسلسل دباؤ برقرار رکھتے ہوئے سیٹ 6-2 سے اپنے نام کیا۔
دوسرے سیٹ میں بھی خرم امتیاز نے برتری ہاتھ سے نہ جانے دی۔ انہوں نے ابتدا ہی میں پاؤنڈ کی سروس بریک کی اور اپنی جارحانہ حکمت عملی جاری رکھی۔ ایک گیم میں چار ایسز لگا کر انہوں نے اپنی سروس کی مضبوطی اور اعتماد کو نمایاں کیا۔ طاقتور سروز، برق رفتار فور ہینڈز اور مسلسل دباؤ کے باعث نیوزی لینڈ کے کھلاڑی مشکلات کا شکار رہے اور بالآخر انجری کی وجہ سے میچ چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔
خرم امتیاز کو اب پیر کے روز سیمی فائنل میں سخت امتحان کا سامنا ہوگا، جہاں ان کا مقابلہ بھارت کے ٹاپ سیڈ اور عالمی نمبر 67 بل کرشن بھاٹیا سے ہوگا۔ اہم کامیابی کے بعد خرم نے راشد ملک کی تعریف کی اور گزشتہ دو ماہ کے دوران اپنی تیاری کے لیے ان کی محنت، لگن اور کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب مینز 70 پلس سنگلز میں پاکستان کے وقار نثار بیلجیئم کے ژاں ژاک ڈیلپورٹ کے خلاف بھرپور مقابلے کے بعد 1-6، 4-6 سے شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہو گئے۔ اگرچہ انہیں اسٹریٹ سیٹس میں شکست ہوئی، تاہم دوسرے سیٹ میں انہوں نے مزاحمت دکھائی، کئی طویل ریلیز کھیلیں اور قابل تعریف فائٹنگ اسپرٹ کا مظاہرہ کیا۔
پاکستانی سینئر ٹینس دستے نے دی بینک آف پنجاب، لاہور جمخانہ کلب، جے ڈی ڈبلیو گروپ، ری وائیو بائے گیٹورڈ اور جمال پولیمرز کا فراخدلانہ اسپانسرشپ اور بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا، جس کی بدولت کھلاڑیوں کو باوقار بین الاقوامی آئی ٹی ایف ماسٹرز ٹورنامنٹس میں پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملا۔
