خیرپور شوگر جونیئر نیشنل اسکواش: راحیل وکٹر نے انڈر 15 میں بڑا اپ سیٹ کر دیا

newsdesk
3 Min Read
وینس جہانگیر خان اسکواش اکیڈمی کراچی میں خیرپور شوگر جونیئر نیشنل اسکواش چیمپئن شپ کے مقابلے جاری ہیں۔

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پانچویں خیرپور شوگر نیشنل جونیئر اینڈ گرلز اسکواش چیمپئن شپ میں کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی، جہاں بوائز انڈر 15 میں سندھ کے راحیل وکٹر نے پنجاب کے تھرڈ سیڈ عبدالرحمن شوریم کو شکست دے کر نمایاں اپ سیٹ کیا۔

باقی کیٹیگریز میں سیڈڈ کھلاڑیوں نے اپنے پری کوارٹر فائنل مقابلوں میں کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے اگلے مرحلے میں جگہ بنا لی۔

آٹھ لاکھ روپے کی مجموعی انعامی رقم والی یہ چیمپئن شپ سندھ اسکواش ایسوسی ایشن، خیرپور شوگر ملز کے تعاون سے وینس جہانگیر خان اسکواش اکیڈمی کراچی میں منعقد کرا رہی ہے۔

سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے سیکریٹری نوید رحمن کے جاری کردہ نتائج کے مطابق ٹاپ سیڈ ایم زمان، ایس این جی پی ایل، نے پنجاب کے قاسم حسین کو 0-3 سے شکست دی، جبکہ سندھ کے عدنان زمان نے اپنے ہی صوبے کے فیضان کو اسی مارجن سے زیر کر کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

پنجاب کے فصیح رحمن، عمر فاروق بٹ اور سیف اللہ خان، بلوچستان کے عصمت اللہ اور نصر اللہ جبکہ خیبر پختونخوا کے عبید اللہ بھی لاسٹ ایٹ میں پہنچ گئے۔

گرلز کیٹیگری میں سندھ کی دامیاء خان نے خیبر پختونخوا کی علیشبا ناز کو 0-3 سے ہرایا، جبکہ ویشنوی نے خیبر پختونخوا ہی کی ام کلثوم کے خلاف اسی مارجن سے کامیابی حاصل کی۔

گرلز کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے والی دیگر کھلاڑیوں میں سندھ کی زنیرا عمران، سحیمہ فاطمہ، دعا نزاکت اور ایمن فاطمہ، خیبر پختونخوا کی ہبہ امتیاز اور پنجاب کی ریشانہ محبوب شامل ہیں۔

بوائز انڈر 15 میں سب سے اہم نتیجہ سندھ کے راحیل وکٹر کے نام رہا، جنہوں نے پنجاب کے تھرڈ سیڈ عبدالرحمن شوریم کو اسٹریٹ گیمز میں 11-2، 11-2 اور 11-3 سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔

خیبر پختونخوا کے فواد خان اور عبدالرحمن نجیب، پاکستان ایئر فورس کے ایم اشتیاق اور عزیز علی ناز، پنجاب کے جاسم آفریدی اور احمد خان زاہد، جبکہ سندھ کے عبدالہادی بھی کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔

بوائز انڈر 11 کیٹیگری میں خیبر پختونخوا کا پلہ بھاری رہا، جس کے چار کھلاڑی لاسٹ ایٹ میں پہنچے، جبکہ سندھ نے تین کوارٹر فائنل نشستیں حاصل کیں۔

خیبر پختونخوا کی نمائندگی عمر نجیب، مصطفیٰ، ایم طلحہ اور علیان خلیل نے کی، جبکہ سندھ سے ایم بن نسیم، حمزہ خان اور محمد ابان کوارٹر فائنل میں پہنچے۔ پنجاب کے شہزیب احمد نے کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل کی۔

تمام کوارٹر فائنل مقابلے آج کھیلے جائیں گے۔

Share This Article