ماسکو، 18 نومبر 2026ء: روسی دارالحکومت ماسکو میں گلوبل ساؤتھ کی بڑی سیاسی کانفرنس میں پاکستان کو نمایاں اعزاز حاصل ہوا، جہاں 72 ممالک سے 300 نمائندوں نے شرکت کی۔ سینیٹر مشاہد حسین سید کو اس تاریخی اجتماع کے افتتاحی پلینری سیشن اور اختتامی سیشن کی صدارت کے لیے مدعو کیا گیا۔
یہ کانفرنس روس کی حکمران جماعت ’’یونائیٹڈ رشیا‘‘ کے زیر اہتمام منعقد ہوئی، جس کی صدارت روس کے سابق صدر اور پارٹی سربراہ دمتری میدویدیف نے کی۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے دمتری میدویدیف سے ملاقات بھی کی، جنہوں نے پاکستان کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اپنے کلیدی خطاب میں سینیٹر مشاہد حسین سید نے روس کو پاکستان کا ’’اچھا دوست‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور روس یوریشیا میں اہم شراکت دار ہیں، جن کا عالمی منظرنامے کے بارے میں نقطہ نظر اور مفادات مشترک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم کا آئندہ دورۂ روس دونوں ممالک کے تعلقات کو نئے سرے سے استوار کرنے کا ’’بہترین موقع‘‘ ثابت ہوگا۔
سینیٹر مشاہد حسین نے کہا کہ پاکستان 2027ء میں اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر صدر ولادیمیر پیوٹن کا پرتپاک خیرمقدم کرنے کا منتظر ہے۔
عالمی حالات کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے موجودہ دور کو ’’تبدیلی، ہلچل اور عبوری مرحلے‘‘ کا زمانہ قرار دیا۔ ان کے مطابق دنیا میں تین نئی حقیقتیں واضح طور پر سامنے آ رہی ہیں: مغرب کی پسپائی، مغربی ممالک میں زوال اور تقسیم، چین کا عروج، اور پاکستان جیسے متوسط طاقتوں کا دوبارہ ابھرنا، جو خطوں کے درمیان امن سازی اور رابطہ کاری میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے خاص طور پر پاکستان کے اس کردار کا ذکر کیا جس کے تحت اسلام آباد نے ایران اور امریکا کی میزبانی کی، 7 اپریل کو جنگ بندی میں کردار ادا کیا، اور 17 جون کو ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی میزبانی کی۔ انہوں نے اسے خطے میں پائیدار امن، استحکام اور سلامتی کی راہ قرار دیا۔
سینیٹر مشاہد حسین نے 19 نومبر کو چین کے شہر شین ژن میں صدر شی جن پنگ، صدر پیوٹن اور صدر ٹرمپ کے درمیان طے شدہ تاریخی ملاقات کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فروری 1945ء میں یالٹا میں ہونے والی اس وقت کی ’’بگ تھری‘‘ ملاقات کے بعد اپنی نوعیت کی پہلی ملاقات ہے، جس میں مارشل اسٹالن، صدر روزویلٹ اور وزیراعظم ونسٹن چرچل شریک تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج بنیادی فرق یہ ہے کہ موجودہ بگ تھری میں چین جیسا ایشیائی دیو شامل ہے، جو عالمی طاقت کی سیاست میں بڑی تبدیلی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اب ’’واحد سپر پاور‘‘ نہیں رہا اور آج کی دنیا کثیر قطبی ہو چکی ہے۔
سینیٹر مشاہد حسین سید نے مغرب کے زوال کو ناقابل واپسی جبکہ چین، گلوبل ساؤتھ اور متوسط طاقتوں کے عروج کو ناقابلِ روک قرار دیا۔ انہوں نے اپنے خطاب کا اختتام اس پیغام پر کیا کہ ایک بہتر، پرامن اور خوشحال کل تعمیر کیا جائے، جہاں نہ کوئی آقا ہو اور نہ کوئی محکوم۔ اس پیغام کو کانفرنس کے متنوع اور ممتاز شرکا نے بھرپور پذیرائی دی۔
کانفرنس میں ایران، عراق، لبنان، انڈونیشیا، ترکی، چین، بھارت، ویتنام، لاؤس، نیپال، بنگلہ دیش، سری لنکا، تاجکستان اور ازبکستان سمیت علاقائی ممالک کے نمائندوں کے علاوہ افریقہ اور لاطینی امریکا سے بھی بڑی تعداد میں وفود شریک تھے۔
سینیٹر مشاہد حسین سید کو ’’فریڈم آف نیشنز‘‘ تحریک کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں بھی مدعو کیا گیا، جس کی صدارت دمتری میدویدیف نے ذاتی طور پر کی اور جس میں دیگر اعلیٰ علاقائی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ انٹرنیشنل پارلیمنٹیرینز کانگریس (IPC) کی سیکریٹری جنرل سینیٹر ستارہ ایاز نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔
