لاہور: لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) کے نیشنل اے آئی ہب برائے ماں، نومولود اور بچوں کی صحت (MNCH) نے آفس آف آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پنجاب کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد صوبے میں صحتِ عامہ کی ترجیحات اور سرکاری شعبے میں علاج معالجے کی فراہمی کے لیے ذمہ دار مصنوعی ذہانت کے استعمال کو آگے بڑھانا ہے۔
اس اشتراک کے تحت پنجاب کے ابھرتے ہوئے صوبائی اے آئی ایجنڈے کو لمز کی تحقیقی مہارت اور عملی نفاذ کے تجربے سے جوڑا جائے گا۔ تعاون کا محور مصنوعی ذہانت کی ایسی عملی صورتیں ہوں گی جو صحت کے نظام میں فیصلہ سازی کو مضبوط بنانے، طبی عملے کی معاونت کرنے اور سرکاری خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے میں مدد دے سکیں۔ اس ضمن میں مقامی حالات سے ہم آہنگ اور شواہد پر مبنی طریقہ کار کو خاص اہمیت دی جائے گی۔
مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر، وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے اے آئی و خصوصی اقدامات علی ڈار، سیکرٹری آفس آف اے آئی پنجاب احمد رجوانہ، لمز کے پرووسٹ اور قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر طارق جدون، اور نیشنل اے آئی ہب برائے MNCH کی ڈائریکٹر اور پرنسپل انویسٹی گیٹر ڈاکٹر مریم مصطفیٰ شریک ہوئے۔
یہ پیش رفت نیشنل اے آئی ہب کی صوبائی حکومتوں اور ترقیاتی اداروں کے ساتھ وسیع تر روابط کا حصہ ہے۔ اسی سلسلے میں گیٹس فاؤنڈیشن کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے بھی لمز میں قائم ہب کا دورہ کیا، جہاں مصنوعی ذہانت اور صحتِ عامہ سے متعلق جاری کام کا جائزہ لیا گیا اور ممکنہ تعاون کے شعبوں پر گفتگو ہوئی۔ وفد میں گیٹس فاؤنڈیشن کی صدر برائے صنفی مساوات ڈاکٹر انیتا زیدی اور عالمی پالیسی و وکالت کی عبوری صدر ڈاکٹر کلپنا کوچر سمیت فاؤنڈیشن کے دیگر سینئر نمائندے شامل تھے۔
ملاقاتوں میں اس پہلو پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ اے آئی تحقیق کس طرح صحت کے بہتر نتائج اور طبی سہولیات تک زیادہ مساوی رسائی میں کردار ادا کر سکتی ہے۔
نیشنل اے آئی ہب نے حکومت سندھ اور آغا خان یونیورسٹی (AKU) کے ساتھ بھی باضابطہ شراکت داری قائم کی ہے۔ اس تعاون کا مقصد اے آئی کی مدد سے خطرات کی درجہ بندی کے ماڈلز، طبی فیصلوں میں معاون نظام اور ماں و بچے کی صحت کے شعبے میں فرنٹ لائن طبی کارکنوں کے لیے آواز سے چلنے والے معاون آلات کو فروغ دینا ہے۔
ان تعاونوں کا مجموعی مقصد یہ جانچنا ہے کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی اطلاقات پاکستان بھر میں طبی عملے کی معاونت اور خواتین، نومولود بچوں اور بچوں کی نگہداشت کو بہتر بنانے میں کس طرح مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
