راولپنڈی: مقام آرٹ گیلری میں گروپ نمائش ’’انٹرووون‘‘ کا باضابطہ آغاز ہو گیا، جس میں 23 پاکستانی فنکاروں کے اصل فن پارے پیش کیے گئے ہیں۔
افتتاحی تقریب میں پاکستانی فلم اداکار ارباز خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے نئی قائم ہونے والی گیلری میں آویزاں فن پاروں کو سراہا۔
نمائش کی کیوریٹر سمرہ چیمہ ہیں۔ اس نمائش میں مختلف فنی اسالیب، تخلیقی اظہار اور ثقافتی زاویوں کو یکجا کیا گیا ہے، جو پاکستان کے معاصر آرٹ منظرنامے کی وسعت اور خوبصورتی کو نمایاں کرتے ہیں۔
مقام آرٹ گیلری سینئر پاکستانی آرٹسٹ غضنفر اقبال کی ملکیت ہے، جنہیں فن کے شعبے میں تین دہائیوں سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔ گیلری کا مقصد فنکاروں کے لیے ایک مخصوص پلیٹ فارم فراہم کرنا اور پاکستانی اصل فن پاروں کے فروغ میں کردار ادا کرنا ہے۔
پلازہ 147، سوک سینٹر، بحریہ ٹاؤن میں واقع یہ دو سطحی گیلری فنکاروں، کلیکٹرز اور آرٹ کے شائقین کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کی کوشش کرے گی، جبکہ راولپنڈی اسلام آباد خطے میں بصری فنون کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہو گی۔
یہ نمائش گیلری کے کیوریٹڈ نمائشوں اور آئندہ فنی سرگرمیوں کے پروگرام کا نقطہ آغاز ہے۔
تصویر: آصف فاروق
