اسلام آباد: پاکستان نے 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 2026 کے مردوں کے ٹیم ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ مشف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میں پاکستان نے کوریا کو 0-2 سے شکست دی۔
خواتین کے ٹیم ایونٹ میں ہانگ کانگ چائنا نے سخت مقابلے کے بعد ملائیشیا کو 1-2 سے زیر کر کے ٹائٹل حاصل کیا۔ ان مقابلوں کے ساتھ پانچ روز تک جاری رہنے والی ایشیائی اسکواش سرگرمیوں کا اختتام ہوا، جن میں ایشیا کے بہترین کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیت، عزم اور کھیل کے اعلیٰ معیار کا مظاہرہ کیا۔
یہ براعظمی چیمپئن شپ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے زیر اہتمام اور پاکستان ایئر فورس کی سرپرستی میں 03 سے 07 نومبر 2026 تک منعقد ہوئی۔ ٹورنامنٹ کے دوران شریک ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے دیکھنے میں آئے اور کھلاڑیوں نے غیر معمولی اتھلیٹک صلاحیت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان کی مردوں کے ٹیم فائنل میں کامیابی کو ملک کے لیے ایک قابل فخر لمحہ قرار دیا گیا، جس نے بین الاقوامی اسکواش میں پاکستان کے شاندار مقام کی بحالی کے عزم کو مزید نمایاں کیا۔
اختتامی تقریب میں ایشین اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر مسٹر عادل جاسم الغریب نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور فاتح ٹیموں اور نمایاں کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے۔ تقریب میں اسکواش کے لیجنڈز، پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینئر حکام، شریک ممالک کے نمائندوں، کھلاڑیوں، کوچز اور کھیلوں کے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر صدر پاکستان اسکواش فیڈریشن ایئر مارشل کاظم حماد نے پاکستان کی تاریخی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم نے ایک دہائی بعد ایشیائی ٹائٹل دوبارہ حاصل کیا ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کو چیف آف دی ایئر اسٹاف کی مسلسل سرپرستی کا نتیجہ قرار دیا، جنہوں نے پاکستان بھر میں اسکواش کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ایئر مارشل کاظم حماد نے خاص طور پر نوجوان ٹیلنٹ کی تربیت، کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنے اور بین الاقوامی اسکواش میں پاکستان کا مقام بحال کرنے کے لیے مسلسل ادارہ جاتی معاونت پر ایئر چیف کے عزم کو بھی سراہا۔
پی اے ایف کے مطابق پاکستان ایئر فورس ملک کے شاندار اسکواش ورثے کی بحالی کی کوششوں میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ مسلسل ادارہ جاتی سرپرستی، عالمی معیار کے کھیلوں کے ڈھانچے اور ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی معاونت کے ذریعے پی اے ایف نے پاکستان کے اسکواش منظرنامے کو نئی توانائی دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
چیف آف دی ایئر اسٹاف کی سرپرستی میں بین الاقوامی اسکواش میں پاکستان کی تاریخی برتری بحال کرنے کی مربوط کوششوں کو نئی رفتار ملی ہے۔ اس باوقار ایشیائی چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد اور مردوں کے ٹیم ایونٹ میں پاکستان کی واضح کامیابی، کھیلوں میں عمدگی اور پاکستان اسکواش کے احیا کے لیے پی اے ایف کے عزم کا مظہر قرار دی گئی۔
