جے پی ایف ٹائمز پولو کپ کے پہلے روز دن/ایف جی اور ڈائمنڈ پینٹس/امپیریل کی فتوحات

newsdesk
2 Min Read
جناح پولو فیلڈز میں جے پی ایف ٹائمز پولو کپ 2026ء کے افتتاحی روز دو میچز کھیلے گئے۔

لاہور: جناح پولو فیلڈز میں منگل کو جے پی ایف ٹائمز پولو کپ 2026ء (2-6 گولز) کا آغاز ہوا جہاں پہلے روز دن/ایف جی اور ڈائمنڈ پینٹس/امپیریل نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنے اپنے میچز واضح فرق سے جیت لیے۔

افتتاحی روز کے پہلے مقابلے میں دن/ایف جی نے اے او ایس کو 3 کے مقابلے میں 8 گول سے شکست دی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے راجہ تیمور ندیم نمایاں رہے جنہوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پانچ گول اسکور کیے۔ سید ایان سلمان، شیخ محمد فرہاد اور احمد بلال ریاض نے ایک، ایک گول کیا۔ اے او ایس کی طرف سے آغا موسیٰ علی خان نے دو گول بنائے جبکہ عبداللہ اعجاز نے ایک گول اسکور کیا۔

دن کے دوسرے میچ میں ڈائمنڈ پینٹس/امپیریل نے لوٹو کارپٹس سنگاپور کو 3.5 کے مقابلے میں 8 گول سے زیر کیا۔ ڈائمنڈ پینٹس/امپیریل کے راجہ جلال ارسلان نے پانچ شاندار گول کر کے ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ابراہیم شیخ نے دو جبکہ بلال حئی نے ایک گول اسکور کیا۔

لوٹو کارپٹس سنگاپور کو نصف گول ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج حاصل تھا، جبکہ عارب علی ملک، عمران عابد میر اور تیمور علی ملک نے ایک، ایک گول کیا۔ افتتاحی روز کے مقابلوں کو دیکھنے کے لیے پولو کے شائقین، کھلاڑیوں اور ان کے اہل خانہ کی بڑی تعداد جناح پولو فیلڈز میں موجود تھی۔ اس موقع پر جناح پولو فیلڈز کے سیکرٹری میجر (ر) عادل سلطان راؤ بھی موجود تھے۔

Share This Article