اسلام آباد، 2 نومبر 2026: ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کے ذریعے نیشنل فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام ٹائر ٹو برائے ایسوسی ایٹ پروفیسرز کامیابی سے مکمل کر لیا۔
دو ہفتوں پر مشتمل اس پروگرام میں ملک بھر کے سرکاری شعبے کے اعلیٰ تعلیمی اداروں سے 22 ایسوسی ایٹ پروفیسرز نے شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد تعلیمی قیادت، تدریسی صلاحیتوں، تحقیقی استعداد اور ادارہ جاتی نظم و نسق کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
تربیتی پروگرام میں اعلیٰ تعلیم میں تدریسی معیار، تعلیمی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد، ورچوئل لرننگ انوائرنمنٹس، تحقیق و اختراع، ڈیجیٹل اسیسمنٹ، تنظیمی ابلاغ، اعلیٰ تعلیمی انتظامیہ، پیشہ ورانہ ترقی، آڈٹ و مالیاتی انتظام اور پراجیکٹ مینجمنٹ جیسے موضوعات شامل تھے۔ پراجیکٹ مینجمنٹ کے ضمن میں پی ایس ڈی پی اور پروکیورمنٹ سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔
ایچ ای سی کے مطابق اس پروگرام سے شرکا کی جدید تدریسی طریقہ کار، ڈیجیٹل اسیسمنٹ، تحقیقی ترقی، تعلیمی قیادت اور ادارہ جاتی گورننس کے بارے میں سمجھ بوجھ میں اضافہ ہوا۔ پروگرام نے ریفلیکٹو پریکٹس، اسٹریٹجک فیصلہ سازی اور اعلیٰ تعلیم کو درپیش ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر انتظامی طریقوں کے اطلاق کو بھی فروغ دیا۔
پروگرام کی کامیاب تکمیل کو ایچ ای سی اور این اے ایچ ای کی جانب سے پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی شعبے میں فیکلٹی کی استعداد بڑھانے، شواہد پر مبنی تعلیمی طرز عمل کو فروغ دینے اور ادارہ جاتی کارکردگی بہتر بنانے کے عزم کا تسلسل قرار دیا گیا ہے۔
