اسلام آباد: پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف کو انگلینڈ کے خلاف اتوار کو کھیلے گئے ون ڈے سہ ملکی سیریز کے میچ میں آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ کر دیا گیا۔
آئی سی سی کی جانب سے بدھ کو جاری اعلامیے کے مطابق حارث رؤف کو ضابطہ اخلاق کی لیول ون خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا۔ واقعہ پاکستان کی اننگز کے 46ویں اوور میں پیش آیا، جب انہوں نے نان اسٹرائیکر اینڈ سے وائیڈ کی اپیل کی اور اپیل مسترد ہونے کے بعد انگلینڈ کے آل راؤنڈر ول جیکس سے بحث کی۔
آئی سی سی کے مطابق فیلڈ امپائر شرف الدولہ کی وارننگ کے باوجود حارث رؤف بحث جاری رکھے رہے اور انہوں نے مایوسی کے انداز میں اپنا بیٹ بھی بلند کیا۔ اس خلاف ورزی پر انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا۔ یہ کارروائی آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.20 کے تحت کی گئی، جو کھیل کی روح کے منافی طرز عمل سے متعلق ہے۔
اسی میچ میں حارث رؤف نے 19 گیندوں پر 7 رنز کی اننگز کھیلی، جو شاداب خان کی سنچری کوشش کے ساتھ پاکستان کی ایک وکٹ سے کامیابی میں اہم ثابت ہوئی۔ پاکستان کو انگلینڈ کے 242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 154 رنز پر 9 وکٹوں کا نقصان ہو چکا تھا، تاہم حارث رؤف اور شاداب خان کے درمیان 89 رنز کی شراکت نے ٹیم کو فائنل تک پہنچا دیا۔ حارث رؤف نے ہی فیصلہ کن رن بنایا۔
آئی سی سی کے مطابق یہ 24 ماہ کے عرصے میں حارث رؤف کی تیسری خلاف ورزی ہے، جس کے بعد ان کے مجموعی ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔ حارث رؤف نے اپنی غلطی اور امارات آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے جیف کرو کی تجویز کردہ سزا کو قبول کر لیا، اس لیے باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
آئی سی سی قوانین کے تحت 24 ماہ کے دوران چار یا اس سے زائد ڈی میرٹ پوائنٹس دو سسپنشن پوائنٹس میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں ایک ٹیسٹ، دو ون ڈے یا دو ٹی ٹوئنٹی میچز کی پابندی لگ سکتی ہے۔ حارث رؤف گزشتہ سال ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف تین میچز میں خلاف ورزیوں کے بعد دو ون ڈے میچز کی پابندی بھی بھگت چکے ہیں۔ اگر ان کے ڈی میرٹ پوائنٹس آٹھ تک پہنچے تو پابندیاں دگنی ہو جائیں گی۔
دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم پر بھی سلو اوور ریٹ کے باعث میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔ آئی سی سی کے مطابق مقررہ وقت میں انگلینڈ تین اوورز پیچھے رہی۔ کپتان ہیری بروک نے بھی غلطی اور سزا قبول کر لی۔
انگلینڈ اپنے ابتدائی تینوں میچ ہارنے کے بعد فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کر سکا۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان فائنل ہفتے کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
